پاکستان کے جملہ مسائل کا حل قرآن مجید اور شریعت محمدی میں ہے، جمعیت اہلحدیث
14 Sep 2023 11:46
مرکزی صدر ہشام الہیٰ ظہیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ کی بجائے انگریز کے بنائے ہوئے قانون سے اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو چلانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہو گی، کیونکہ ہم نے خود اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول کے احکامات نافذ نہ کرکے بربادی، ذلت و رسوائی کا راستہ اختیار کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جمعیت اہلحدیث کے مختلف ذمہ دران کا اہم اجلاس مرکزی ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کی۔ اجلاس میں جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا ذاکر الرحمن صدیقی، مولانا قاری شفیق الرحمن ربانی، حکیم شفیق الرحمن ربانی، حاجی ریاض احمد، حافظ سہیل انجم، حافظ نواز کے علاوہ دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الہٰی ظہیرنے کہا کہ پاکستان اسلام کا دیس ہے، ہم نے پورے ملک میں قرآن و سنت کے عملی نفاذ کیلئے جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔ ہم پاکستان بنانے کے مقاصد سے بہت دور ہو چکے ہیں، ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ کی بجائے انگریز کے بنائے ہوئے قانون سے اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو چلانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہو گی، کیونکہ ہم نے خود اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول کے احکامات نافذ نہ کرکے بربادی، ذلت و رسوائی کا راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی ریاست ہے اس میں قرآن و سنت کے عملی نفاذ سے ہی ملکی تقدیر سنبھلے گی، جس کیلئے ملک بھر میں ہم نے اپنی کوششوں کو تیز کر دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ رسول اللہ(ص) کی شریعت پر گامزن رہ کر نوجوان نسل اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر لحاظ سے ناکامیوں اور محرومیوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا ذاکر الرحمن صدیقی نے کہا جمعیت اہلحدیث پاکستان دفاع شعائر اللہ، علمائے کرام، اہلحدیث مساجد کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے۔ پاکستان کے جملہ مسائل کا حل اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید اور رسول اللہ(ص) کی شریعت میں رکھ دیا ہے۔ ہم نے عزم کر لیا ہے کہ جب تک پاکستان کی فضاوں میں تو حیدوسنت، ختم نبوت، عظمت صحابہ کرام کے جھنڈوں کو گاڑھ نہیں دیا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1081598