چیئرمین پی ٹی آئی نے خودکش حملہ کرکے پارٹی تباہ کر دی، راجہ ریاض
10 Jun 2023 22:41
چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ اسمبلیاں نہ توڑیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری بات مانی ہوتی تو آج پی ٹی آئی کا یہ حال نہ ہوتا۔
اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خودکش حملہ کرکے اپنی پارٹی تباہ کر دی۔ چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں راجہ ریاض نے کہا کہ 3 سال پہلے چیئرمین پی ٹی آئی سے اختلاف کیا اور جہانگیر ترین کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ثبوت دیئے کہ عثمان بزدار اور فرح گوگی کرپشن کر رہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ عثمان بزدار اور فرح گوگی کے خلاف جو کچھ چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے مجھ پر کمیٹی کی میٹنگ میں بیٹھنے پر پابندی لگا دی۔ راجہ ریاض نے یہ بھی کہا کہ ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا کہ اسمبلیاں نہ توڑیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری بات مانی ہوتی تو آج پی ٹی آئی کا یہ حال نہ ہوتا۔
خبر کا کوڈ: 1063123