QR CodeQR Code

حکومت آئی ایم ایف کی عوام دشمن سخت شرائط کو مسترد کرے، ثروت اعجاز قادری

2 Jun 2023 23:37

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ مہنگائی کے جن کو قابو نہیں کیا تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے، بھوک و افلاس سے پریشان اور حقوق سے محروم سڑکوں پر نکل گئے تو کوئی ان کو روک نہیں سکے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی حقوق مہیا کئے بغیر جمہوریت کو مضبوط و مستحکم نہیں بنایا جا سکتا، حکومت معاشی استحکام کیلئے بڑے اور جرأت مندانہ فیصلے کرے، آئی ایم ایف کی عوام دشمن سخت شرائط کو مسترد کر دیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے زور ٹوٹنے کا فائدہ غریب تک پہنچائے، آئل، آٹا، چینی و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں، مہنگائی کو کمزور اور معیشت کو مستحکم کرنا حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غریب مہنگائی و بے روزگاری سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، آٹا، آئل، چینی اور روزمرہ استعمال ہونیوالی اشیاء کی قیمتوں کو دو سال پہلے والی پوزیشن پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دعوؤں سے کام نہیں چلے گا، مہنگائی کے جن کو قابو نہیں کیا تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے، بھوک و افلاس سے پریشان اور حقوق سے محروم سڑکوں پر نکل گئے تو کوئی ان کو روک نہیں سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات اور روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 1061603

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1061603/حکومت-آئی-ایم-ایف-کی-عوام-دشمن-سخت-شرائط-کو-مسترد-کرے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com