QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا تھر میں بچوں کی اموات پر اظہار تشویش

25 Mar 2023 22:42

اپنے ایک بیان میں صوبائی قائم مقام امیر پروفیسر نظام الدین میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبے میں بلاشرکت غیرے گذشتہ پندرہ سالوں سے حکومت ہے، اس لئے سندھ میں بھوک، بدحالی اور بیروزگاری کی وجہ سے ہر مرنے والے شخص کے قتل کی ذمہ داری بھی پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر پروفیسر نظام الدین میمن نے تھر کے سرکاری اسپتالوں میں نومولود بچوں کی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سنگین ایشو میڈیا، اسمبلی اور عوامی فورمز پر بارہا نمایاں ہونے کے باوجود تھر میں بھوک و افلاس سے جڑی ماﺅں کے بچوں کی اموات کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے، لگتا ہے کہ حکومتی اقدامات صرف زبانی جمع خرچ کرنے تک محدود ہیں، محکمہ صحت نوٹس لے، خوراک کی کمی ڈاکٹرز سمیت صحت و علاج و معالجہ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ اپنے ایک بیان میں نظام الدین میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا تھر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے حوالے سے بیان تھرپارکر سمیت سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز تھرپارکر سے معصوم انسانی جانوں کے ضیاع کی خبریں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی زینت بن رہی ہیں، گذشتہ 14 ماہ میں ایک ہزار سے زائد بچے چل بسے، جبکہ ہزاروں ماﺅں کی گود اجڑ چکی ہے۔

نظام الدین میمن نے کہا کہ تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے بچوں کی شرح اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تھر میں بڑھتی ہوئی اموات پر سندھ حکومت کی کارکردگی پر ابھی تک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی امیر ترین حکومت بدترین انتظامیہ ثابت ہو رہی ہے، سندھ حکومت نے دیہی علاقوں کے عوام کے ساتھ کیڑے مکوڑوں سے بھی بدتر سلوک کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کی عوام کو خوراک اور پانی سمیت روزگار کے وسائل بھی میسر نہیں، یہ بھوک اور پیاس سے مرنے والے بچے اس قوم کا مستقبل تھے، جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے بچوں کو مرنے کیلئے چھوڑ کر سندھ کے حکمران کس ترقی کے دعوے کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی صوبے میں بلاشرکت غیرے گذشتہ پندرہ سالوں سے حکومت ہے، اس لئے سندھ میں بھوک، بدحالی اور بیروزگاری کی وجہ سے ہر مرنے والے شخص کے قتل کی ذمہ داری بھی پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1048710

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1048710/جماعت-اسلامی-کا-تھر-میں-بچوں-کی-اموات-پر-اظہار-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com