QR CodeQR Code

معروف مذہبی و سماجی شخصیت ثاقب اکبر نقوی رضائے الہی سے انتقال کرگئے

21 Feb 2023 21:46

مرحوم امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، اخوت اکیڈمی، البصیرہ اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے خدمات انجام دیتے رہے، آپکی زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ممتاز دانشور، محقق، داعی اتحاد بین المسلمین، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سربراہ البصیرہ، انجینئر، ادیب، علمی، تنظیمی اور قومی شخصیت جناب سید ثاقب اکبر نقوی آج داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ مرحوم امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، اخوت اکیڈمی، البصیرہ اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے خدمات انجام دیتے رہے، آپ کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے۔ آپ کی تحریریں اسلام ٹائمز کے پلیٹ فارم پر بھی شائع ہوتی رہیں۔ اتحاد اسلامی اور نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے ثاقب اکبر نقوی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ تمام مسالک کے درمیان اتحاد و وحدت کی پہچان تھے۔

سید ثاقب اکبر ایک عالم، محقق، دانشور، شاعر، مترجم ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی اور سیاسی شخصیت بھی تھے۔ آپ کی گوناں گوں سیاسی اور سماجی مصروفیات کے باوجود آپ کی علمی خدمات بھی کم نہیں، آپ نے قرآنیات، عرفان، فلسفہ، جدید عصری مسائل، سماجیات، اخلاقیات، اتحاد امت، بین الادیان ہم آہنگی، حالات حاضرہ، عالمی و علاقائی سیاسی مسائل، نعت، غزل، مرثیہ، سلام وغیرہ پر قلم جنبانی فرمائی۔ آپ کی متعدد کتب زیور طباعت سے آراستہ ہوچکی ہیں جبکہ بہت سا کام تشنہ اشاعت ہے۔


خبر کا کوڈ: 1042706

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1042706/معروف-مذہبی-سماجی-شخصیت-ثاقب-اکبر-نقوی-رضائے-الہی-سے-انتقال-کرگئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com