شیعہ علماء کونسل کے تحت شہدائے اسلام کانفرنس
23 Jan 2022 21:06
کراچی کی انچولی سوسائٹی میں واقع امام بارگاہ شہدائے کربلا میں منعقدہ کانفرنس سے علامہ شبیر میثمی، علامہ ناظر عباس تقوی، حسنین مہدی، اسد اللہ بھٹو، علامہ اسد اقبال زیدی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ کامران حیدر عابدی سمیت دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں شہدائے اسلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی کی انچولی سوسائٹی میں واقع امام بارگاہ شہدائے کربلا میں منعقدہ کانفرنس سے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر حسنین مہدی، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی، رہنماء جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ کامران حیدر عابدی، علامہ شیخ غلام حسین سلیم سمیت دیگر شخصیات نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر علامہ باقر حسین زیدی، مجلس ذاکرین امامیہ کے مرکزی صدر علامہ نثار قلندری، علامہ جعفر سبحانی سمیت علمائے کرام و ذاکرین عظام بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔
مرد و خواتین شرکاء کی بھی بڑی تعداد سخت سردی کے باوجود کانفرنس میں شریک تھی۔ کانفرنس سے اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی حساس دور سے گزر رہا ہے، ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر پھیل رہی ہے، حکومت کو چاہیئے کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے یمن کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی اور عالمی میڈیا کی منفی رپورٹنگ نے انسانیت کے علمبردار اداروں کی خاموشی کا جنازہ نکال دیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 975214