لاہور، شیعہ سنی علماء کی انقلاب اسلامی کی سالگرہ پر مبارکباد
12 Feb 2021 18:44
کُل مسالک علماء بورڈ کے چئیرمین مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایران ہمارا بھائی ہے اور بھائی کا دشمن بھی مشترک ہوتا ہے، امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور ایران مل کر فرقہ واریت کے ختم کرنے کیلئے پل کا کردار ادا کریں گے۔ اتحاد امت پاکستان کے چئیرمین بابا شفیق بٹ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی محبت کا ایک بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے بارڈر پر فوجیں آمنے سامنے موجود نہیں ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ تمام مسالک کے علما و مشائخ کے وفد نے قونصل جنرل ایران لاہور کو انقلاب اسلامی ایران کی 42 سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ کُل مسالک علما و مشائخ کے چئیرمین مفتی سید عاشق حسین کی سربراہی میں تمام مسالک کے علما اور مشائخ پر مشتمل وفد نے ایرانی قونصلیٹ لاہور میں ایران کے قونصل جنرل محمد رضا ناظری سے ملاقات کی اور انقلاب اسلامی ایران کی 42 ویں سالگرہ پر اپنے اور پاکستانی قوم کی طرف سے مبارکباد پیش کی اور قونصل جنرل ایران کو گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر مفتی سید عاشق حسین کا کہنا تھا کہ ہم چاروں فقہ کی طرف سے ایک ساتھ یہاں حاضر ہونا اور انقلاب اسلامی کی مبارکباد دینا ہمارے متحد ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا ہمیشہ ہمیشہ کا ساتھ ہے، اس وقت 57 اسلامی ممالک میں سے صرف دو ریاستیں پاکستان اور ایران رہ گئی ہیں اور صرف پاکستان اور ایران ہی دونوں ممالک ہیں جو اسلامی بنیادی نظریے پر قائم ہوئی ہیں۔
خبر کا کوڈ: 915855