ایرانی بحری فورسز کے بیڑے میں 2 نئے جہازوں کا اضافہ
13 Jan 2021 11:15
ایران میں تیار کئے گئے جنگی بحری جہاز "زرہ" اور ہیلی کاپٹر بردار سپلائی ویسل "مکران" کو ملکی دفاعی بحری بیڑے میں شامل کرنیکی تقریب ایرانی آرمی چیف میجر جنرل محمد حسین باقری کی سربراہی میں منعقد ہوئی جبکہ اس موقع پر بری افواج کے چیف کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی اور نیول چیف ایڈمرل حسین خانزادی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔
اسلام ٹائمز۔ ایران کی جنوبی ساحل پر واقع شہر کنارک میں ملک میں تیار کردہ 2 بحری جہازوں کی ایرانی بحریہ میں شمولیت کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔ ملک میں تیار کئے گئے ایرانی کروز میزائلوں سے لیس جنگی بحری جہاز "زرہ" اور ہیلی کاپٹر بردار سپلائی ویسل "مکران" کو ملکی دفاعی بحری بیڑے میں شامل کرنے کی یہ تقریب ایرانی آرمی چیف میجر جنرل محمد حسین باقری کی سربراہی میں منعقد ہوئی جبکہ اس موقع پر بری افواج کے چیف کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی اور نیول چیف ایڈمرل حسین خانزادی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ ایران میں تیار کیا جانے والا جدید لڑاکا بحری جہاز "زرہ" 47 میٹر لمبائی اور 15 میٹر اونچائی کا حامل ہے جو 35 ناٹس کی حد رفتار سے حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں اس میں 40 اور 76 ملی میٹر کی 2 ملکی ساختہ توپوں کے ساتھ ساتھ 300 کلومیٹر رینج کا حامل سطح سے سطح پر مار کرنے والا ایرانی کروز میزائل سسٹم "قدیر" بھی نصب ہے۔ یاد رہے کہ ایران قبل ازیں بھی ملک میں تیار کئے گئے متعدد میزائل سسٹمز کے ساتھ لیس 4 جنگی بحری جہاز تیار کر چکا ہے جنہیں ملکی بحری بیڑے میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
خبر کا کوڈ: 910067