ایران کیجانب سے نئی زیرزمین میزائل بیس کی نقاب کشائی
10 Jan 2021 15:37
اس موقع پر سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات ہم اچھی طرح جان چکے ہیں کہ دشمن منطق کی زبان قبول کرنے سے عاری ہے اور صرف اور صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے لہذا ناجائز تسلط کیخاطر علاقے میں جاری دشمن کی نت نئی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے پاس اپنے دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیعلاوہ کوئی اور رستہ موجود نہیں۔
اسلام ٹائمز۔ ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران نے جمعے کے روز خلیج فارس کے علاقے میں واقع اپنی نئی زیر زمین میزائل بیس کی نقاب کشائی کی ہے۔ اس موقع پر سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے تاکید کی ہے کہ ملک کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت ہمارا اولین ہدف و اصول ہے۔ سپاہ پاسداران کے نیول چیف ریئر ایڈمرل علیرضا تنگسیری اور سپاہ پاسداران کی اعلی عسکری کمان کے ہمراہ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات ہم اچھی طرح جان چکے ہیں کہ دشمن منطق کی زبان قبول کرنے سے عاری ہے اور صرف اور صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے لہذا ناجائز تسلط کی خاطر علاقے میں جاری دشمن کی نت نئی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمارے پاس اپنے دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے علاوہ کوئی اور رستہ موجود نہیں۔
اس موقع پر میجر جنرل حسین سلامی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران نے متعدد تزویراتی بحری تنصیبات تعمیر کر رکھی ہیں جن میں مختلف قسم کے پیشرفتہ میزائلوں اور ان کے لانچنگ سسٹمز کو انتہائی طویل قطاروں میں محفوظ کیا جا رہا ہے۔ سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ یہ میزائل سینکڑوں کلومیٹر کے رینج کے حامل، نشانے کے عین اوپر مار کرنے والے اور انتہائی دھماکہ خیز ہونے کے ساتھ ساتھ دشمن کے خلاف ہمہ جانبہ سائبر وار لڑنے کی قابلیت بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سپاہ پاسدران کی فورسز ملک کے خلاف مغرور دشمنوں کی جانب سے شروع کئے جانے والے کسی بھی جارحانہ اقدام کو آغاز میں ہی مٹی میں ملا دیں گی، کہا کہ ملکی دفاعی فورسز کسی بھی ہنگامی آپریشن کے لئے بالکل تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ: 909597