شہید جنرل سلیمانی و ابومہدی المہندس کی پہلی برسی
اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کیساتھ مزاحمتی محاذ کی پہلی مشترکہ مشقوں کا باقاعدہ آغاز
29 Dec 2020 23:11
فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی میں متحدہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کیجانب سے 12 گھنٹوں کے دورانیے پر محیط مشترکہ فوجی مشقیں "الرکن الشدید" منعقد کی گئیں جبکہ اس موقع پر غزہ میں واقع بڑے بڑے بل بورڈز پر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر بھی نصب کی گئیں جن پر تحریر تھا: "شہید جنرل قاسم سلیمانی؛ جنہوں نے اپنی پوری زندگی مزاحمتی محاذ کو مضبوط کرنے میں صرف کر دی.. وہ قدس کے شہید ہیں، وہ قدس کے شہید ہیں، وہ قدس کے شہید ہیں!!
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی متحدہ مزاحمتی محاذ کی جانب سے مشترکہ فوجی مشقوں "الرکن الشدید" (مستحکم تکیہ گاہ) کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق فلسطینی مزاحمتی فورس الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے عسکری ونگ سرایا القدس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب فلسطینی مزاحمتی گروپس کی جانب سے مشترکہ طور پر غاصب صیہونی دشمن کے خلاف جہاد کا نیا باب کھولا جائے گا۔
اس حوالے سے سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے جاری ہونے والے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ سے متعلق تمام گروہ نہ صرف فلسطینی عوام کے لئے مایۂ سکون ہیں بلکہ ان کے حقیقی مقاصد کے حصول کے ضامن بھی ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ مزاحمتی گروپس کی جانب سے مشترکہ فوجی و جہادی آپریشن کوئی نئی بات نہیں جبکہ یہ مشترکہ دفاعی مشقیں فلسطینی قوم کے بھرپور دفاع میں مزاحمتی محاذ کی مکمل تیاری کا اعلان ہے۔ 12 گھنٹوں کے دورانیے پر مشتمل یہ مشترکہ فوجی مشقیں اسرائیلی اہداف پر راکٹ فائر کئے جانے سے شروع ہوئیں جن میں ڈرون طیاروں اور زمینی و نیول فورسز نے بھی حصہ لیا۔
فلسطینی خبررساں ایجنسی شہاب نے عبری اخبار "یدیعوت آحارانوت" سے نقل کرتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروپس کی جانب سے مشترکہ فوجی مشقوں کے آغاز کے ساتھ ہی غاصب صیہونی فوج بھی مکمل طور پر ریڈ الرٹ حالت میں رہی۔ دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے اس موقع پر امریکی دہشتگردانہ ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر، فلسطینی شہر غزہ میں واقع بڑے بڑے بل بورڈز پر نصب کی گئیں جن پر تحریر تھا: "شہید جنرل قاسم سلیمانی؛ جنہوں نے اپنی پوری زندگی مزاحمتی محاذ کو مضبوط کرنے میں صرف کر دی.. وہ قدس کے شہید ہیں، وہ قدس کے شہید ہیں، وہ قدس کے شہید ہیں!!
ان فوجی مشقوں میں درج ذیل مزاحمتی گروپس نے شرکت کی:
1. حماس کا عسکری ونگ "کتائب القسام"۔
2. فلسطینی آزادی کے عوامی محاذ (Popular Front for the Liberation of Palestine) کا عسکری ونگ "کتائب ابو علی مصطفی"۔
3. الجہاد الاسلامی فی فلسطین کا عسکری ونگ "سرایا القدس"۔
4. فلسطینی آزادی کے جمہوری محاذ (Democratic Front for the Liberation of Palestine) کا عسکری ونگ "کتائب المقاومہ الوطنیہ"۔
5. عوامی مزاحمت کمیٹی کا عسکری ونگ "لویۃ الناصر صلاح الدین"۔
6. الفتح کا عسکری ونگ "کتائب شہداء الاقصی"۔
7. کتائب شہداء الاقصی کی ذیلی سپیشل برانچ "کتائب شہید ایمن جودۃ"۔
8. الفتح کا عسکری ونگ "کتائب عبدالقادر الحسینی"۔
9. مزاحمتی تحریک "مجاہدین" کا عسکری ونگ "کتائب المجاہدین"۔
10. فلسطینی مزاحمتی تحریک الاحرار کا عسکری ونگ "کتائب الانصار"۔
11. الفتح مزاحمتی تحریک کا عسکری ونگ "کتائب العاصفہ"۔
12. "آزادیٔ فلسطین کے عوامی محاذ" کا عسکری ونگ "کتائب شہید جہاد جبریل"۔
خبر کا کوڈ: 906922