ڈی آئی خان، جامعۃ النجف میں یوم آزادی کی تقریب
15 Aug 2020 10:12
تقریب سے خطاب میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ جس مقصد کے حصول کیلئے یہ پیارا ملک بنایا گیا تھا آج اس ملک میں آل رسول ﷺ اور بی بی سیدہ سلام اللہ علیہ پر نازیبا جملے اور بیان بازی کی جا رہی ہے جس سے فرقہ واریت کو پھیلانے کی مذموم کوشش کی جاری رہی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین علیہ السلام میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر و پرنسپل علامہ محمد رمضان توقیر کی زیر صدارت 73ویں یوم آزادی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس میں علامہ محمد رمضان توقیر، جلال حسین شاہ ریٹائرڈ پرنسپل، سید قتیل اظہر شاہ انجمن متولیان ڈیرہ، سجاد شیرازی ضلعی صدر پیپلز پارٹی، ضلعی صدر شیعہ علما کونسل اور دیگر معززین و جامعہ کے طلبا نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، پیارے وطن پاکستان سے محبت کی دلیل یہ ہے کہ ہم اس مادر علمی میں یوم آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ایک ایسی عید ہے کہ جس کی جتنی خوشیاں منائی جائی کم ہے، آج عید مباہلہ ہے۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے مزید کہا کہ جس مقصد کے حصول کیلئے یہ پیارا ملک بنایا گیا تھا آج اس ملک میں آل رسول ﷺ اور بی بی سیدہ سلام اللہ علیہ پر نازیبا جملے اور بیان بازی کی جا رہی ہے جس سے فرقہ واریت کو پھیلانے کی مذموم کوشش کی جاری رہی ہے۔ تقریب کے آخر میں علم غازی عباس علمدارؑ اور قومی سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔ اس موقع پر کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کا خیال رکھتے ہوئے سماجی فاصلہ اختیار کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 880295