QR Code
خیبر پختونخوا میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب
14 Aug 2020 16:42
پولیس لائن پشاور میں منعقدہ جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰی نے کہا کہ جس مقصد کیلئے ہمارے اسلاف نے پاکستان بنایا تھا موجودہ حکومت وزیراعظم عمران کی قیادت میں پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ 14 اگست یوم آزادی کی مناسبت سے صوبائی سطح پر مرکزی تقریب پولیس لائن پشاور میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلٰی نے پولیس لائن کے لان میں پرچم کشائی کرکے تقریب کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ پیش کیا۔ صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی، وزیراعلٰی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی، وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور اور دیگر اعلٰی سرکاری حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلٰی نے پوری قوم خصوصاََ خیبر پختونخوا کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان برِصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے جس کی سلامتی اور تعمیر و ترقی اس ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ جس مقصد کیلئے ہمارے اسلاف نے پاکستان بنایا تھا موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے موجودہ حکومت نے خیبر پختونخوا کو امن کا گہوارہ بنایا ہے، اسی طرح ہم اس صوبے کو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحت کا مرکز بنائیں گے، جس کیلئے پہلے ہی سے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ درین اثنا وزیراعلٰی نے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔
خبر کا کوڈ: 880248
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com