QR CodeQR Code

پشاور، سیرت النبی ﷺ اور صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس

30 Nov 2019 12:32

صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ اللہ نیتوں کو دیکھتا ہے جس سے چاہے دین کا کام لے، ہتھیار سے کامیابی نہیں، کلمے اور ایمان سے ملتی ہے، ناروے میں قرآن پاک کا محافظ کوئی عالم نہیں تھا لیکن ایمان کے طاقت سے سرشار تھا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد سیرت النبی ﷺ اور صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے شرکت کی۔ تقریب میں علماء کرام سمیت مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک تھیں۔ اس موقع پر گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل سے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے، حضرت محمد مصطفی ﷺ کی حیات طیبہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کی سیرت و کردار کی تعمیر کیلئے عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کو آج جن مسائل کا سامنا ہے ان کے حل کیلئے ہمیں پیغمبر علیہ السلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اس بات کا درس دیتی ہے کہ دنیاوی حالات جیسے بھی ہوں ہم نے گھبرانا نہیں ہے اور اپنے قول و فعل پر عین اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈٹے رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پیغمبر علیہ السلام کی سیرت مبارکہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا ہوگا، تاکہ ایک بہترین معاشرے کی تکمیل ممکن ہوسکے۔

صوبائی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے، امن سے ہی ترقی آتی ہے، حضور ﷺ کی زندگی عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے، اگر 50 فیصد بھی ہم حضور ﷺ کے نقش قدم پر چلیں تو کامیابی ہمارا مقدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے میں عمران خان کی ٹانگ کھینچنے کے بجائے سپورٹ کریں، ریاست مدینہ بنانا مشکل کام نہیں اعتماد کی ضرورت ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اللہ نیتوں کو دیکھتا ہے جس سے چاہے دین کا کام لے، ہتھیار سے کامیابی نہیں، کلمے اور ایمان سے ملتی ہے، ناروے میں قرآن پاک کا محافظ کوئی عالم نہیں تھا لیکن ایمان کے طاقت سے سرشار تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے اندر ظلم ہو رہا ہے، ہم یہاں احتجاجی مظاہروں میں لگے ہیں، کرپشن اور زخیرہ اندوزی سے خود ساختہ مہنگائی آتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 829890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/gallery/829890/1/پشاور-سیرت-النبی-ﷺ-اور-صوبائی-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com