ڈی آئی خان، جشن آزادی کی مرکزی تقریب
14 Aug 2019 22:45
تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ آزادی کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے جو قربانیاں دیں وہ آپ سب کے سامنے ہیں، جنہیں بیان کرنا ایک وقت میں ناممکن ہے۔ آج کا یوم آزادی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کشمیر جو کہ قیام پاکستان کے ایجنڈے کا نامکمل حصہ ہے سے یکجہتی کو بھی ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ آج 14 اگست 2019ء کو 72ویں جشن آزادی پاکستان و یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف ڈسٹرکٹس و تحصیلوں کی سطح پر پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکزی پروگرام کا انعقاد ڈسٹرکٹ ڈیرہ ہیڈکوارٹر میں واقع عاطف شہید پارک میں کیا گیا۔ پروگرام میں کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کی جدوجہد کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا، آزادی چھوٹا لفظ ہے لیکن اس کے احساس اور جامعیت کو جانچنا نسلوں پر محیط ہوتا ہے۔ تقریب میں بریگیڈیئر راؤ عمران، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ضلع ناظم عزیز اللہ علیزئی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے علاوہ تحصیل ناظمین، اعلٰی سول و عسکری افسران، طلباء، اساتذہ کرام، معززین علاقہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ملی نغمے، یوم آزادی اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقاریر اور ثقافتی رقص پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران کمشنر محمد جاوید مروت نے کہا کہ آج کی پروقار تقریب کیلئے منتظمین، بچوں، اساتذہ اور والدین جنہوں نے ان بچوں کی تربیت میں کردار ادا کیا، ان کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، کمشنر نے قائداعظم کے قول کو دہراتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کیلئے تین بنیادی اصول ہیں۔ جن میں خدمت، تکلیف سہنے کی عادت اور قربانی شامل ہیں، جو معاشرہ ان کو اپنا لے تو اس سے آزادی کوئی نہیں چھین سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے جو قربانیاں دیں وہ آپ سب کے سامنے ہیں، جنہیں بیان کرنا ایک وقت میں ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یوم آزادی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کشمیر جو کہ قیام پاکستان کے ایجنڈے کا نامکمل حصہ ہے سے یکجہتی کو بھی ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں جو مظالم روا رکھے ہوئے ہیں اس کی نہ صرف مذمت بلکہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی غرض ہر سطح پر تعاون ہمارا عہد ہے اور آج اس عہد کی تجدید کا دن ہے۔ بعد ازاں کمشنر ڈیرہ نے تقریب کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اُٹھا رکھے تھے اور کشمیر سے اظہار یکجہتی کیلئے بینرز اور کتبے بھی اُٹھا رکھے تھے، جبکہ کشمیری بھائیوں کے حق میں اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
خبر کا کوڈ: 810535