پشاور، شہید ایس پی طاہر داؤڑ کی نماز جنازہ
16 Nov 2018 07:45
افغانستان میں شہید کئے جانے والے ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جسکے بعد حیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں انکی تدفین کردی گئی۔
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں شہید کئے جانے والے ایس پی طاہر داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کر دی گئی، جس کے بعد انہیں حیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہید طاہر داوڑ کی نمازہ جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان، آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود، آئی جی ایف سی، چیف سیکریٹری اور صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سمیت فوج اور پولیس کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جس کے بعد حیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔
خبر کا کوڈ: 761496