گورنر ہاؤس سندھ میں وفاقی اردو یونیورسٹی کا جلسہ عطائے اسناد
28 Jan 2025 20:00
اسلام ٹائمز: جلسہ عطائے اسناد سے خطاب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر سرحدوں کے ساتھ معاشی استحکام کے لئے کام کررہے ہیں، سعودی عرب، ترکیہ، چائنا اور دیگر ممالک کی مزید سرمایہ کاری جلد آئے گی، سرمایہ کاری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے بھرپور کام کئے جارہے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ گورنرہاؤس سندھ میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے جلسہ عطائے اسناد کا انعقاد ہوا۔ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اراکین سینٹ، اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے۔ جلسہ عطائے اسناد سے خطاب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ تمام فارغ التحصیل طلباء کو مبارک باد دیتا ہوں، آج فخر اور خوشی کا دن ہے کہ ہم سب طلبہ کی کامیابیوں کا خیر مقدم کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر سرحدوں کے ساتھ معاشی استحکام کے لئے کام کررہے ہیں، ون ونڈو آپریشن نہیں تھا تو ایس آئی ایف سی منصوبہ تشکیل دیا، ایس آئی ایف سی منصوبہ بیرونی سرمایہ کاری کو یہاں لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ، چائنا اور دیگر ممالک کی مزید سرمایہ کاری جلد آئے گی، سرمایہ کاری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے بھرپور کام کئے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1187197