لاہور، جامعة المنتظر میں علماء اور طلباء و طالبات کیلئے سود سے پاک بینکنگ پر ٹریننگ سیشن
28 Jan 2025 12:42
سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہر بینک کی ایڈوائزری کونسل اور شریعہ بورڈ میں علماء موجود ہوں گے اور تمام مکاتب فکر سے ہوں گے۔ ہو سکتا ہے کہ کسی برانچ میں بھی علماء کی ضرورت ہو جو نگرانی کرے کہ بینکاری اسلامی نظام کے مطابق ہے بھی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی بینک کاری کی کلاسیں بھی شروع کریں گے۔
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ، فنانس اینڈ تکافل کے اشتراک سے جامعة المنتظر لاہور میں علماء اور طلباء و طالبات کے ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں زندگی کے تمام اجتماعی اور انفرادی پہلووں کا حل موجود ہے، کوئی ایسا پہلو نہیں ہے کہ جس میں شریعت نے راستہ نہ بتایا ہو۔ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو پسندیدہ دین قرار دیا ہے۔ اس میں اسلامی بینکاری بھی ایک شعبہ ہے۔ ایک عرصے سے مسلمانان پاکستان کا مطالبہ تھا کہ سودی نظام سے نجات حاصل کی جائے، لیکن کوئی راستہ نہیں نکل رہا تھا۔ تمام مکاتب اسلامی کے علماء کی جدوجہد سے وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خاتمے کا حکم دے کر ایک راہ متعین کر دی ہے، جبکہ پارلیمنٹ نے بھی طے کر دیا ہے کہ 31 دسمبر 2028 تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان اپنی تیاریاں مکمل کر لے گا۔
خبر کا کوڈ: 1187092