شہید ضیاء الدین رضوی کی 20 ویں برسی
20 Jan 2025 23:34
تعزیتی اجتماع کے آخر میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی جس میں شہید مظلوم، داعی اتحاد بین المسلمین، سفیر امن، شہید آغا سید ضیا الدین رضوی اور انکے باوفا جانثاروں سمیت سانحہ کوہستان، چلاس، لولوسر سمیت دیگر تمام شہدا ملت جعفریہ گلگت بلتستان کے قاتلوں اور انکے سرپرستوں کی ابتک عدم گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اقتدار سے ان تمام واقعات میں ملوث کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے کارندوں اور انکے سرپرستوں کو فورا گرفتار کر کے انہیں قرار وقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کے زیر اہتمام مرکزی جامع امامیہ مسجد گلگت میں شہید سید ضیاء الدین رضوی اور اْن کے باوفا رفقاء شہید تنویر علی، شہید عباس علی اور شہید حسین اکبر کی 20 ویں سالانہ برسی کے سلسلے میں مرکزی احتجاجی و تعزیتی اجتماع منعقد ہوا۔ تعزیتی اجتماع میں گلگت بلتستان بھر سے علماء، اکابرین ملت، مزہبی، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔ تعزیتی اجتماع سے قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا راحت حسین الحسینی، آغا باقر کاظمی، شیخ علی محمد، شیخ علی نقی، شیخ کرامت و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سید ضیاء الدین رضوی کا سیاسی، مذہبی، اخلاقی، سماجی، دفاعی اور دینی میدان میں اور علاقے میں اتحاد بین المسلمین اور قیام امن کے لیے کردار نمایاں رہا۔ گلگت بلتستان کے آئینی اور قومی حقوق کے لیے شہید سید ضیاء الدین رضوی نے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
خبر کا کوڈ: 1185394