کرم کی صورتحال پر شیعہ علماء کی گورنر سے ملاقات
30 Nov 2024 12:21
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کے افراد کو اتحاد اور رواداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ضلع کرم کے المناک واقعات کا نقصان پورے صوبے، قوم اور ملک کا ہے، نہ کہ کسی ایک مسلک کا۔
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاراچنار، ہنگو، اور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے شیعہ علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری بھی موجود تھے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کے افراد کو اتحاد اور رواداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ضلع کرم کے المناک واقعات کا نقصان پورے صوبے، قوم اور ملک کا ہے، نہ کہ کسی ایک مسلک کا۔ وفد میں مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان (کے پی کے) صوبائی صدر علامہ احمد علی روحانی، صوبائی نائب صدر علامہ سید ہاشم رضا، علامہ حمید حسین امامی، امامیہ علماء کونسل کے صدر علامہ سید محمد باقر منتظری اور دیگر علماء شامل تھے۔
انہوں نے ضلع کرم میں انسانی جانوں کے تحفظ، راستوں کی بندش کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے تجاویز پیش کیں اور وفاقی حکومت کی سطح پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ گورنر نے یقین دلایا کہ وہ ضلع کرم کے دہائیوں پرانے مسائل کا مستقل حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے صوبائی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کر رہے ہیں۔ انہوں نے علماء کے کردار کو معاشرتی عدم برداشت کے خاتمے کیلئے نہایت اہم قرار دیا۔ علمائے کرام نے گورنر کے اقدامات کو سراہا اور صوبے میں امن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ: 1175736