تہران میں شہید قائد کی 36 ویں برسی کی مناسبت سیمینار کا انعقاد
1 Sep 2024 09:18
معروف دانشور و تجزیہ کار ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے شہید قائد کی تنظیمی جدوجہد، تشیع و پاکستان کی نجات کے لیے رول ماڈل شخصیت اور امام خمینی (رح) کے شہید قائد کے بارے تعزیت نامے میں درج توصیفی جملات کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی اور شہید کے افکار جو کہ کئی کتابوں کی شکل میں دسترس میں موجود ہیں، انہیں جوانوں کو پڑھنے کی تاکید کی۔
اسلام ٹائمز۔ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے اردو زبان اسٹوڈنٹس یونین ایران (کانون دانشجویان اردو زبان در ایران) کی طرف سے ایران کے دارالحکومت تہران میں دفاع مقدس میوزیم کے هویزہ ہال میں انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت ایران کے معروف قاری آقای محمد ابوالفضلی نے حاصل کی۔ سیمینار سے مختلف ملکوں کے نمائنده اسٹوڈنٹس و فعال شخصیات نے خطاب کیا۔ ایران میں افغانستان کے اسٹوڈنٹس کے نمائندے ڈاکٹر یحیٰ نظری نے شہید قائد کی اتحاد بین المسلمین اور عالمی استعمار کے خلاف جدوجہد پہ روشنی ڈالی، سابق مرکزی صدر ISO پاکستان عارف الجانی نے شہید قائد کی آفاقی، تنظیمی، اخلاص و عمل کے پہلوئوں پہ روشنی ڈالی، لبنانی اسٹوڈنٹس کے نمائندے احمد غضبون نے شہید عباس موسوی کے دورہ پاکستان اور پاکستان میں فلسطین کی آزادی کی تحریک کے لیے شہید قائد کے کردار و موجودہ فلسطین و مزاحمتی محاذ میں حزب اللہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ سابق مرکزی صدر ISO پاکستان (شعبہ خواہران) خانم نگینہ کاظمی نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کی نگاہ میں پاکستان و تشیع کی بہتری میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ان کے بعد امام خمینی انٹرنیشنل یونیورسٹی قزوین کے اسٹوڈنٹ برادر طیب نے ترانے کی صورت میں شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کیا. نائجیریا کی مزاحمتی تحریک کے ایران میں فعال راہنماء ڈاکٹر حسین عبداللہ نے شہید قائد کو ایک عالمی انقلابی راہنماء، داخلی و خارجی استعمار کے خلاف ایک مبارز شخصیت اور اسلام ناب محمدی کے حقیقی ترجمان کے طور پر متعارف کروایا۔ معروف دانشور و تجزیہ کار ڈاکٹر راشد عباس نقوی نے شہید قائد کی تنظیمی جدوجہد، تشیع و پاکستان کی نجات کے لیے رول ماڈل شخصیت اور امام خمینی (رح) کے شہید قائد کے بارے تعزیت نامے میں درج توصیفی جملات کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی اور شہید کے افکار جو کہ کئی کتابوں کی شکل میں دسترس میں موجود ہیں، انہیں جوانوں کو پڑھنے کی تاکید کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر علیرضا ابوالفضلی (رییس بنیاد بین المللی تکریم ادیان و مذاہب) نے اپنے خطاب میں شہید کی عظمت، شہید قائد کی شخصیت کے انقلابی پہلو اور انقلاب اسلامی کے ساتھ ان کی وابستگی کا مفصل ذکر کیا۔ شہید قائد کی زندگی کے بارے ایک مختصر ڈاکومنٹری بھی شرکاء کو دکھائی گئی۔
آخر میں ایران میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کے بارے معروف ایرانی مصنف جواد مهدی زاده کی تازہ چھپنے والی کتاب "علمدارِ پارا چنار" کی رونمائی کی گئی اور مذکورہ کتاب کے مصنف نے اپنی گفتگو میں شہید قائد سے اپنی والہانہ عقیدت و کتاب کے مختلف عناوین کا تعارف و کتاب لکھنے کے اسباب، پاکستان میں تشییع و شہید قائد و انکے رفقاء کی انقلابی جدوجہد پہ گفتگو کی۔ سیمینار کے اختتام پر اردو زبان اسٹوڈنٹس یونین کی طرف سے تمام مہمان اسپیکرز کو خصوصی تحائف سے بھی نوازا گیا۔ آخر میں اردو زبان اسٹوڈنٹس یونین کے صدر سید حسن رضا نقوی نے مہمانوں اور سیمینار میں کثیر تعداد میں شریک اردو زبان اسٹوڈنٹس خصوصاً تہران یونیورسٹی، تہران میڈیکل یونیورسٹی، شہید بہشتی میڈیکل یونیورسٹی، شہید بہشتی یونیورسٹی، اہلیبیت انٹرنیشنل یونیورسٹی، امام خمینی انٹرنیشنل یونیورسٹی قزوین، ہمدان میڈیکل یونیورسٹی، اصفہان میڈیکل یونیورسٹی و علامہ طباطبایی یونیورسٹی تہران کے اسٹوڈنٹس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ: 1158858