جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں اربعین امام حسین ؑ کا ملک گیر اجتماع
4 Sep 2024 17:57
لاہور مین اربعین کے اجتماع سے خطاب میں تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اٹھاون اسلامی ممالک اور دو سو کروڑ مسلمان جمعیت ذلت سے گردن جھکائے کھڑے ہیں، جو ملت حسینؑ ابن علیؑ سے اپنا تعلق کاٹ لے، وہ عزت کا دن نہیں دیکھ سکتی، عزاداری ظلم کیخلاف قیام، مظلوم کی حمایت اور ہر دور کی یزیدیت کے تعاقب کا عمل ہے، فرعون کے مقابلے میں امت کا کام اسے دریا برد کرنا اور اس کی ناک خاک میں رگڑ دینا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں اربعین امام حسینؑ کی مناسبت سے ملک گیر اجتماع منعقد ہوا، جس میں علماء کرام، معروف نوحہ خوان اور بلا تفریق ِمسلک و مذہب، عاشقانِ امام حسین علیہ السلام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ "یزیدیت شکن و صہیونیت ستیز اربعین حسینی" کے عنوان سے منعقدہ اجتماع سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے مکتب و تعلیمات اہلبیت کے مقابلے میں بنو امیہ کے بنائے ہوئے مذہب اور مفتیوں کی جانب سے اس کی ترویج کو مسلمانوں کی ذلت کا سبب قرار دیا، جو کسی بھی طریقے سے اقتدار میں آنیوالے حکمرانوں حتی یزید جیسے فاسق و فاجر کی اطاعت کو مسلمانوں پر لازم قرار دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اسلام (ص) کے تعلیم کردہ دین کے مقابلے میں اس ذلت آمیز مذہب کی ترویج و تشریح سبب بنی ہے کہ بڑی بڑی افواج، ایٹمی طاقت رکھنے والی دو سو کروڑ مسلمانوں اور اٹھاون ممالک پر مشتمل جمعیت، 80 لاکھ یہودیوں کے سامنے ذلت سے گردن جھکائے کھڑے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1157553