مسعود پزشکیان کے عہدہ صدارت کی توثیق کی تقریب
28 Jul 2024 18:12
حسینیہ امام خمینی تہران میں منعقد ہونیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو بھرپور طریقے سے جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ حالیہ صدارتی انتخابات ایک امتحان تھا جس میں ایرانی عوام کو کامیابی نصیب ہوئی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر مسعود پزشکیان کے عہدہ صدارت کی توثیق کی تقریب حسینیہ امام خمینی تہران میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو بھرپور طریقے سے جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ حالیہ صدارتی انتخابات ایک امتحان تھا جس میں ایرانی عوام کو کامیابی نصیب ہوئی ہے اور ہمیں ملک کی داخلی توانائیوں اور دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات سے استفادہ کرنا ہوگا۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ عہدہ صدارت کی توثیق ایک ضخیم اور مضمون سے سرشار کتاب ہے، جسے ایران کے عوام اور عہدیداروں نے پرجوش انتخابات کے ذریعے تدوین کیا ہے اور ایران کے عظیم اور شاندار کارناموں میں ہمیشہ ہمیشہ محفوظ رہے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خدا کا شکر ادا کرتے ہيں کہ شہید صدر رئیسی رضوان اللہ علیہ کی رحلت سے ایران میں حکم فرما غم و اندوہ کی فضا کے باوجود چودھویں صدارتی انتخابات بحمد اللہ بہت اچھے طریقے سے منعقد ہوئے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ یہ ملک کے لئے ایک بڑا امتحان تھا اور بحمد اللہ یہ امتحان بھی کامیابی کے ساتھ سر ہوا اور اس کا شیریں نتیجہ ایران کے عوام انشاء اللہ چھکیں گے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہمارے ملک میں ایک بہترین اسلامی جمہوریت ہے اور آج ایران میں جو دینی جمہوریت پائی جا رہی ہے یہ آسانی کے ساتھ حاصل نہيں ہوئی بلکہ یہ ایرانی عوام کی قیام جد و جہد اور انقلاب کے ذریعے حاصل ہوئی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ امام خمینی (رح) کی قیادت میں آنے والے اسلامی انقلاب نے ایرانی عوام کو اپنی تقدیر اور ملک کا نظام خود چلانے کا موقع فراہم کیا جو بہترین تحفہ اور ہدیہ ہے اور اس دینی جمہوریت کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔
تقریب کے دوران رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کی صورتحال کا بھی ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے آپ نے فرمایا کہ فلسطین کا مسئلہ کبھی صرف اسلامی ملکوں کا مسئلہ ہوا کرتا تھا لیکن آج مسئلہ فلسطین اور غزہ کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کوئی حکومت نہیں ہے بلکہ ایک جرائم پیشہ اور دہشتگرد گروہ ہے جو غزہ کے معصوم بچوں پر بم برسا رہا ہے اور تاریخ میں صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے یہ جرائم بدترین جرائم ہيں۔ آپ نے فرمایا کہ یہ امریکی کانگریس کے لئے شرمناک واقعہ ہے کہ اس نے جرائم پیشہ نتن یاہو کو تقریر کرنے کا موقع دیا اور کانگریس کے ارکان نے اس کی باتیں سنیں۔
خبر کا کوڈ: 1150496