فلسطین کے حق میں امریکا اسرائیل مخالف احتجاج
کراچی، نماز دوران مرکزی جلوس یوم عاشورا
18 Jul 2024 16:39
باجماعت نماز ظہرین کے دوران عزاداران امام مظلومؑ نے فلسطین کے حق میں امریکا و اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔ نمازیوں نے فلسطینی پرچم، حماس و جہاد اسلامی کے قائدین، شہید قدس جنرل قاسم سلیمانیؒ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی جلوس یوم عاشورا کے دوران میں عزاداران سیدالشہداءؑ کیلئے باجماعت نماز ظہرین کا اہتمام تبت سینٹر کے سامنے کیا گیا، جس میں عزاداران امام مظلومؑ نے مولانا سید علی افضال رضوی کی اقتداد میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ شدید گرمی کے باوجود کثیر تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ نے تپتی دھوپ میں باجماعت نماز ظہرین میں شرکت کی۔ باجماعت نماز ظہرین کے دوران عزاداران امام مظلومؑ نے فلسطین کے حق میں امریکا و اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔ نمازیوں نے فلسطینی پرچم، حماس و جہاد اسلامی کے قائدین، شہید قدس جنرل قاسم سلیمانیؒ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ نمازیوں کی سہولت کیلئے عارضی وضو خانے کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر نمازی عزاداران امام مظلومؑ سے رہنما آئی ایس او نے خطاب بھی کیا۔ بعد از نماز عزاداران سید الشہداء نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں امریکا و اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکا و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔ آئی ایس او کراچی ڈویژن کے جانب سے نماز دوران مرکزی جلوس میں گرمی سے بچاؤ کیلئے ٹھنڈے پانی کی بوتلیں، ٹھنڈے رومال اور مسلسل پانی کے اسپرے کا انتظام بھی کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1148375