QR CodeQR Code

وادی حسینؑ پر حکومتی قبضے کی کوشش کیخلاف مرکزی مجلس عزا اور احتجاجی ریلی

19 Jun 2024 18:31

مقررین نے واضح کیا کہ وادی حسینؑ کی 92 ایکڑ کے ایک انچ زمین پر بھی کسی کے ناپاک ہاتھ برداشت نہیں کئے جائیں گے، سندھ حکومت وادی حسینؑ کی ملکیتی زمین کی لیز کو دوبارہ وادی حسینؑ کے نام پر توثیق کرے اور وادی حسینؑ کی کل اراضی کو قبرستان ڈکلیئر کرے۔


اسلام ٹائمز۔ وادی حسینؑ سپر ہائی وے کراچی پر حکومتی قبضے کی کوششوں کیخلاف مرکزی مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں وارثان شہداء و مرحومین وادی حسینؑ سمیت ہزاروں مومنین و مومنات نے بھرپور شرکت کی، مجلس عزا سے خطاب صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید رضی جعفر نقوی، معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی، صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ علامہ سید باقر عباس زیدی، مرکزی نائب صدر جعفریہ الائنس علامہ سید باقر حسین زیدی نے خطاب کیا۔ مقررین نے فضائل و مصائب اہل بیتؑ بیان کئے اور ساتھ ہی وادی حسینؑ کی ذرخرید اراضی پر قبضے کی مذموم کوشش کے خلاف بھرپور انداز میں صدائے احتجاج بلند کی۔ مقررین نے واضح کیا کہ وادی حسینؑ کی 92 ایکڑ کے ایک انچ زمین پر بھی کسی کے ناپاک ہاتھ برداشت نہیں کئے جائیں گے، سندھ حکومت وادی حسینؑ کی ملکیتی زمین کی لیز کو دوبارہ وادی حسینؑ کے نام پر توثیق کرے اور وادی حسینؑ کی کل اراضی کو قبرستان ڈکلیئر کرے، پوری قوم کراچی تا پاراچنار اس مقدس سرزمین کا تحفظ اور دفاع کرنے کیلئے آمادہ و تیار ہے۔ آخر میں جلوس عزا برآمد ہوا جو کہ اس مقام پر اختتام پذیر ہوا جہاں سے قبضہ مافیا نے دیوار گراکر حدود سے تجاوز کیا تھا، جلوس عزا میں سید علی مہدی نے نوحہ خوانی کے فرائض انجام دیئے، بعد ختم جلوس عزا نیاز و سبیل کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مجلس عزا و جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کے ڈویژنل اور ضلعی رہنماؤں سمیت شہر بھر سے مذہبی سماجی شخصیات، علمائے کرام، ذاکرین عظام، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔


خبر کا کوڈ: 1142468

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/gallery/1142468/1/وادی-حسین-پر-حکومتی-قبضے-کی-کوشش-کیخلاف-مرکزی-مجلس-عزا-اور-احتجاجی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com