QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں امام خمینی (رہ) کی یاد میں اتحاد بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد

2 Jun 2024 21:43

مقررین نے کہا کہ مذاہب کے درمیان رقابتوں کی راہ و روش کے تباہ کن نتائج تاریخ کے ان مٹ باب بن چکے ہیں جن سے عبرت حاصل کرکے دنیائے انسانیت کو اتحاد بین المذاہب کے لئے سنجیدگی سے مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ کرہ ارض تمام انسانوں کیلئے ایک محفوظ جگہ بن سکے۔


اسلام ٹائمز۔ بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی (رہ) کی 35ویں برسی کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں اتحاد بین المذہب کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جس کی سعادت حافظ معراج حسین صوفی نے حاصل کی اور نعت شریف شاہد حسین نے پیش کیا، جن معززین نے اتحاد بین المذاہب کی اہمیت و ضرورت کے حوالے سے اظہار خیال کیا ان میں نمائندہ میرواعظ کشمیر مولانا سید شمس الرحمن، نمائندہ مفتی اعظم ڈاکٹر توصیف احمد وانی، مولانا خورشید قانونگو، شیخ بشیر شاکری صدر امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل، سجاد حسین کرگلی نامور سماجی کارکن، نریندر سنگھ خالصا چئیرمین سکھ انٹرلئکچول سرکل، پاسٹر پال عیسائی مذہبی رہنما، ڈاکٹر جان فلپس عیسائی مذہبی رہنما، آئی ڈی کاجرویا سوشل پولٹیکل ایکٹویسٹ، میر شاہد سلیم نمائندہ یونائٹڈ الائنس، جموں و کشمیر کرسچن سبا کے پریزیڈنٹ آشو پتر ماتو شامل ہے۔ کانفرنس کی نظامت سید ارشد حسین موسوی نے کی۔ استقبالیہ کلمات میں آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے مہمانان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج جہاں فلسطین و غزہ کے شہروں کو مسمار کیا جارہا ہے وہاں یہ بین المذاہب کانفرنس کافی اہمیت کی حامل ہے جس میں تمام مذاہب اپنے دین کے حوالے سے امن کا پیغام دیتے ہیں تاکہ امریکہ و اسرائیل جیسے ظالموں کے جرائم کا پردہ فاش ہوسکے۔

مقررین نے مذہبی منافرت کو عالم بشریت کے لئے سب سے بڑا چلینج قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ دنیا کے تمام مذاہب کی بنیادی تعلیمات انسانیت اور انسانی اقدار کی پاسداری کرنا سکھاتی ہیں، کوئی بھی مذہب انسانوں کے درمیان نفرت کا روا دار نہیں لیکن المیہ یہ ہے کہ مذاہب کے اس مشترکہ نصب العین کو بالائے طاق رکھ کر اعتقادی اختلافات کو ہر دور میں ترجیح دی گئی جس سے ہمیشہ عالمی امن انسانی اخوت اور انسانی اقدار کو زبردست نقصان پہنچا۔ مقررین نے کہا کہ مذاہب کے درمیان رقابتوں کی راہ و روش کے تباہ کن نتائج تاریخ کے ان مٹ باب بن چکے ہیں جن سے عبرت حاصل کرکے دنیائے انسانیت کو اتحاد بین المذاہب کے لئے سنجیدگی سے مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ کرہ ارض تمام انسانوں کے لئے ایک محفوظ جگہ بن سکے۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بانی انقلاب حضرت امام خمینی  (رہ) کی طرف سے اتحاد بین المذاہب کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رہ) ادیان عالم کے احترام اور تقدس کے قائل تھے اور چاہتے تھے کہ تمام مذاہب کے اکابرین کے درمیان انسانی اخوت کی بنیاد پر رابطے استوار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہذب اور ترقی یافتہ دنیا میں مذہب کے نام پر نفرت اور تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع تمام مذہب کے پیروکاروں سے انسانیت کے نام پر دردمندانہ اپیل کرتا ہے کہ ہم سب ایک آدم کی اولاد ہیں اور انسانیت کا رشتہ ہی سب سے بڑا رشتہ ہے، اس لئے ہمیں موجودہ تکلیفدہ حالات کے تناظر میں انسانیت، محبت، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے عظیم پیغام کو عام کرنے کے لئے تجدید عہد کرنا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1139255

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/gallery/1139255/1/مقبوضہ-کشمیر-میں-امام-خمینی-رہ-کی-یاد-اتحاد-بین-المذاہب-کانفرنس-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com