''فلسطین کی فتح پیش خیمہ ظہور امام زمانہ علیہ السلام'' سیمینار
30 Apr 2024 02:02
ملتان میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف تجزیہ نگار کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ اگر ایران فلسطین کی حمایت میں اسرائیل پر حملہ کرتا تو اسکے وہ نتائج حاصل نہ ہوتے جو آج ہو رہے ہیں، حملے کے نتیجے میں اسرائیل اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرتا لیکن آج اسلامی جمہوریہ کی بابصیرت قیادت کے دور اندیشن فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے کے نقشے پر اسرائیل قابل شکست ہے۔
اسلام ٹائمز۔ معروف اسکالر حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی نے کہا ہے کہ جمہوری اسلامی کی جانب سے صیہونی رژیم پر کاری وار شکست فاش کا اعلان ہے، دنیا پر آئرن ڈوم اور مرکاوہ ٹینک جیسے ہتھیاروں کی دھاک جمانے والے آج دنیا کے نقشے پر شکست سے دوچار ہے، اسرائیل کا وجود اپنے اختتام کی حدوں پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں اسلامک کلچرل فائونڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ'' فلسطین کی فتح پیش خیمہ ظہور امام زمانہ علیہ السلام'' سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ نے عالمی قوانین کے مطابق ایسے وقت میں صیہونی رژیم پر حملہ کیا ہے، جس کی وہ توقع نہیں رکھتا تھا، آج اسرائیل سے زبردستی لائے گئے یہودی نقل مکانی کر رہے ہیں، اسرائیل میں ہونے والی انویسٹمنٹ نکالی جا رہی ہے۔
ایک طرف اسرائیل کے فوجی یرغمالی ہیں تو دوسری طرف ان کے لواحقین صدارتی محل کا گھیرائو کیے ہوئے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایران فلسطین کی حمایت میں اسرائیل پر حملہ کرتا تو اس کے وہ نتائج حاصل نہ ہوتے جو آج ہو رہے ہیں، حملے کے نتیجے میں اسرائیل اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرتا لیکن آج اسلامی جمہوریہ کی بابصیرت قیادت کے دور اندیشن فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے کے نقشے پر اسرائیل قابل شکست ہے، آج امریکہ سمیت یورپ میں یونیورسٹی کے طالبعلم سراپا احتجاج ہیں، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر ہیں، گرفتاریاں دے رہے ہیں لیکن حق گوئی کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1132053