مقبوضہ کشمیر، بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے ضلع دفتر کا افتتاح
23 Apr 2024 15:02
محفل میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمين آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں جوانان کا رول کافی اہمیت کا حامل ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے آج بڈگام میں ضلع دفتر کے افتتاح پر ایک پُروقار محفل کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جہاں نوجوانوں کے قابل ستائش کارناموں کا جائزہ لیا گیا۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جس کا اعزاز حافظ محمد جعفر نے حاصل کیا اور نعت مقبول حضرت رسول اکرم (ص) کے لئے شاہد حسین کو دعوت دی گئی جبکہ نظامت کے فرائض ہلال احمد نے انجام دئے۔ محفل میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمين آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں جوانان کا رول کافی اہمیت کا حامل ہے۔ آج جہاں ایک طرف جوانوں کو منشیات میں دھکیلا جاتا ہے وہی ایسے جوانوں کی اشد ضرورت ہے جو فلاحی، دینی اور سماجی کاموں میں پیش پیش ہوں۔ تقریب میں موجود جن علماء کرام و دانشمند حضرات نے جوانون کی اہمیت پر زور دیا، ان میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی، ایڈووکیٹ آغا سید منتظر مھدی الموسوی شامل ہیں اور محفل کے اختتام پر حجت الاسلام والمسلمين آقای سید محمد حسین الموسوی نے دعائیہ کلامات کے ساتھ قوم کے جوانوں کی سلامتی کے لئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ: 1130548