اصغریہ علم و عمل تحریک و اے ایس او کی مرکزی القدس ریلی
6 Apr 2024 12:53
القدس ریلی میں بچوں، خواتین اور بلند حوصلہ بزرگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ القدس ریلی کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان اور اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے حیدرآباد میں القدس ریلی اولڈ کیمپس تا پریس کلب تک نکالی گئی، ریلی سے مولانا محمد حسن مشہدی، اصغریہ تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمر عباس غدیری، اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر محمد حسین الحسینی، اصغریہ خواتین تحریک کی مرکزی صدر سیدہ خوشبو زہرا موسوی، اصغریہ تحریک کی مجلس اعلیٰ کے سیکریٹری سید پسند علی، صراط الہیٰ حفظ القرآن کے مسئول حافظ سید زاہد کاظمی، مہک زہرا اور علی عباس رضوی و دیگر نے خطاب کیا۔ القدس ریلی میں بچوں، خواتین اور بلند حوصلہ بزرگوں سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا، شرکاء تحریک آزادی فلسطین کے حق میں امریکا اور اسرائیل کے خلاف پلے کارڈز، بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ ریلی حیدرآباد پریس کلب پہنچ کر بڑے احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر فلسطین کے حق میں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف مذمتی قرادادیں منظور کی گئیں، جبکہ امریکا و اسرائیل سے اظہار نفرت کرتے ہوئے انکے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ: 1127173