سنٹرل یونیورسٹی کشمیر میں دو روزہ ’رمضان فیسٹیول و حسن نعت‘ مقابلہ
4 Apr 2024 20:33
پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) نے اپنی مثالی اور گہری تعلیمات کے ذریعے انسانی تاریخ پر انمٹ نقوش چھوڑے۔
اسلام ٹائمز۔ ڈیپارٹمنٹ آف اسٹوڈنٹس ویلفئیر کے زیر اہتمام سنٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے شعبہ اردو کے اشتراک سے دو روزہ ’رمضان فیسٹیول و نعت مقابلہ‘ یونیورسٹی کے سرینگر کیمپس میں منعقد ہوا۔ نعت مقابلے میں شریک ریسرچ اسکالرز اور مختلف تدریسی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے خوبصورت نعتیں پڑھ کر پیارے نبی حضرت محمد (ص) سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔ مقابلے کا آغاز ریسرچ اسکالر اعزاز احمد کی تلاوت قرآن پاک اور معروف نعت خواں غلام حسن غمگین کی نعت سے ہوا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ وہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے حضور نبی اکرم (ص) کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں۔ پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ ہمدردی، حکمت اور دیانت کے مجسم ہونے کے طور پر پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی لوگوں کے لئے رہنمائی کی روشنی کا کام کرتی ہے، جو انہیں راستبازی، انصاف اور امن کے لئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
پروفیسر شاہد رسول نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) نے اپنی مثالی اور گہری تعلیمات کے ذریعے انسانی تاریخ پر انمٹ نقوش چھوڑے۔ انہوں نے فیسٹیول کے انعقاد میں گہری دلچسپی ظاہر کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر اے رویندر ناتھ کا شکریہ ادا کیا۔ معروف مصنف ڈاکٹر جوہر قدوسی نے متعدد ادیبوں، شاعروں اور فلسفیوں کا وسیع پیمانے پر حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) کو تاریخ بھر میں ادیبوں، شاعروں اور فلسفیوں نے ان کی مثالی شخصیت، حکمت اور انسانیت پر گہرے اثرات کی وجہ سے تعظیم اور تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق کے نامور فلسفی شاعر علامہ محمد اقبال نے پیغمبر اسلام (ص) کو انسانیت کا کامل نمونہ اور بنی نوع انسان کے لئے ہدایت کا آخری ذریعہ قرار دیا۔ قبل ازیں ڈین ڈی ایس ڈبلیو اور ہیڈ شعبہ اردو ڈاکٹر عرفان احمد ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ شعبہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسلسل نعت کے مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے اور طلباء کو اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو دکھانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے فیکلٹی ممبران اور سینئر افسران موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین نقشبندی نے کی۔
خبر کا کوڈ: 1126792