انقلاب اسلامی کی سالگرہ اور ایم ڈبلیو ایم کی سیاسی کامیابی، قم میں جشن کی تقریب
12 Feb 2024 15:27
تقریب سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران سارے عالم بشریت کیلئے رول ماڈل اور نمونہ عمل ہے، میدان سیاست میں مجلس وحدت مسلمین کی کامیابی دراصل تکفیریت، تعصب اور آمریت کے خلاف پوری ملت پاکستان کی کامیابی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین قم کے دفتر میں انقلاب اسلامی ایران کی پینتالیسویں سالگرہ اور پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کی سیاسی کامیابیوں کی نسبت سے ایک جشن کا اہتمام کیا گیا۔ جشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ تلاوت کے بعد حاضرین نے انقلاب اسلامی ایران اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی سیاسی کامیابیوں کے حوالے سے اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے جہاں انقلاب اسلامی ایران کو عالم بشریت کیلئے ایک نعمت قرار دیا وہیں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی سیاسی کامیابیوں اور پاکستان میں تکفیریوں کی بدترین اور تاریخی سیاسی شکست کو ساری ملت پاکستان کی فتح اور کامیابی سے تعبیر کیا۔ حاضرین نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سیاسی بصیرت، شجاعت اور نظریاتی پختگی کو سراہا۔ حاضرین نے کہا کہ تاریخ پاکستان میں قومی سطح پر پہلی مرتبہ ایک شیعہ تنظیم کی سیاسی اور اجتماعی طاقت کو سب نے تسلیم کیا ہے۔ جشن کی صدارت ایم ڈبلیو ایم قم کے صدر حجۃ الاسلام سید شیدا حسین جعفری نے کی۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس کامیابی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم سیاسی تعلیم و تربیت اور بہترین سیاسی کلچر کو پروان چڑھانے کیلئے مزید مضبوط بنیادوں پر کام کریں۔ اجلاس کے مہمان خصوصی ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی تھے۔ انہوں نے جہان اسلام کی تاریخی کامیابیوں اور انقلاب اسلامی کی اہمیت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کی حالیہ سیاسی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مشکل ترین حالات میں عمران خان کا ساتھ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ ہم وفا کرنے والے اور میدان میں ڈٹنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سیاسی بصیرت اور شجاعت و دلیری کی ساری ملت پاکستان معترف ہے۔ آخر میں جشن کا اختتام دعائے امام زمانہ علیہ السلام سے کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1115710