QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں شہید مدافعان حرم کی چوتھی برسی کے موقع پر مجلس ترحیم

3 Jan 2024 22:30

مولانا سید محمد حسین صفوی نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور ایک آزاد و خود مختار فلسطینی مملکت کا قیام سردار کی دلی آرزو تھی اور اس سلسلے میں شہید موصوف کئی محاذوں پر سرگرم عمل تھے۔


اسلام ٹائمز۔ شہید قدس الحاج قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس و دیگر شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے  اہتمام سے قصبہ ماگام میں مجلس ترحیم منعقد ہوئی۔ مجلس میں تنظیم کے مرکزی ذاکرین اور اراکین و عاملین کے علاوہ عوام الناس نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی۔ ذاکرین نے مرثیہ خوانی کرکے عظیم شہید قدس کو ان کے چوتھی برسی پر یاد کیا۔ شہید قدس اور ان کے دیگر ساتھی شہداء کے کارناموں اور کردار و عمل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا سید محمد حسین صفوی نے کہا کہ شہید نہ صرف ایک عظیم سپاہ سالار تھے بلکہ ایک اعلیٰ پایہ کے صاحب علم و عرفان زاہد و علم دوست انسان تھے، جنہوں نے اسلامی انقلاب کے خلاف عالم استکبار کی تمام تر سازشوں اور منصوبہ بندیوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا شام اور عراق میں دنیا کے بدترین خون خوار دہشتگرد گروہ داعش کا خاتمہ کرکے کروڑوں انسانوں کو امن و چین سے جینے کا موقعہ فراہم کیا، مشرقی وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کے اثر و نفوذ کو محدود و مسدود کرنے میں شہید کا کردار کلیدی نویت کا حامل ہے۔

مولانا سید محمد حسین صفوی نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور ایک آزاد و خود مختار فلسطینی مملکت کا قیام سردار کی دلی آرزو تھی اور اس سلسلے میں شہید موصوف کئی محاذوں پر سرگرم عمل تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائیم کو توڑنے میں شہید موصوف کا سب سے بڑا عمل دخل تھا اور صہیونی مملکت شہید موصوف کو سب سے بڑا خطرہ تصور کر رہی تھی، یہی وجہ ہے کہ شہید موصوف کو راستے سے ہٹانے کے لئے امریکہ اور اسرائیل برسوں سے منصوبہ بندیاں کر رہے تھے بالآخر شہید موصوف کو ایک بزدلانہ امریکی دہشت گردی کا نشانہ بن کر درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔ انجمن شرعی شیعیان کے زیر نگران مکاتب میں بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا تاکہ شہید کی گرانقدر خدمات، انقلاب اسلامی اور رہبر معظم کے ساتھ عزیمانہ وفاداری کو یاد کیا جائے۔ اس دوران بچوں کے لئے کیلیگرافی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1106727

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/gallery/1106727/1/مقبوضہ-کشمیر-میں-شہید-مدافعان-حرم-کی-چوتھی-برسی-کے-موقع-پر-مجلس-ترحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com