لاہور، امت واحدہ پاکستان کی قومی فلسطین کانفرنس
31 Oct 2023 20:24
مقررین نے کہا کہ او آئی سی میں شامل ممالک کے مطالبات نے دنیا کو بتایا ہے کہ یہ کتنے بے حمیت ہیں اور مظلوم فلسطینیوں سے اتنے لا تعلق ہیں کہ ان میں سے جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے، ان میں اتنی بھی ہمت نہیں کہ اسرائیلی سفیر کو اپنے ملک سے نکال باہر کرتے یا کم از کم اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس بلاتے۔
اسلام ٹائمز۔ امت واحدہ پاکستان کے زیراہتمام لاہور کے مقامی ہوٹل میں قومی فلسطین کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کی۔ کانفرنس میں ملک بھر کی مذہبی سیاسی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی، وکلا، طلبہ اور اقلیتی نمائندوں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے الجہاد الجہاد کے نعرے بلند کئے۔ کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حماس عالم اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے، حماس پہ کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کریں گے۔ امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام اسلامی ممالک عالمی یومِ یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کریں۔
خبر کا کوڈ: 1092467