لاہور، جماعت اسلامی اور تحریک بیداری کی یکجہتی فلسطین ریلیاں
13 Oct 2023 22:18
تحریک بیداری کے سربراہ کا ریلی سے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ امت اسلامیہ خیانت کار حکمرانوں کی منتظر نہ رہے اور فلسطین، کشمیر اور تمام اسلامی سرزمینوں کی آزادی کیلئے اپنا الگ راستہ اپنائے، وہ راستہ جو امام خمینی رح کا تجویز کردہ ہے، جنہوں نے یوم القدس کی صورت میں مسئلہ فلسطین حکومتوں سے لے کر امتوں کے سپرد کر دیا اور یہ مسلمانوں کی آواز کو ایک لڑی میں پرونے کا ذریعہ بن گیا۔
اسلام ٹائمز۔ حماس کی قابل فخر مقاومت پر خراج تحسین پیش کرنے اور مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے زیراہتمام ’’یکجہتی فلسطین ریلی‘‘ نکالی گئی جس كی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے كی۔ ریلی میں مرد و خواتین سمیت بچوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ تحریک بیداری اُمت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا یکجہتی فلسطین مارچ سے خطاب میں کہنا تھا کہ طاقتور سامراجی طاقتیں، مادی و عسکری وسائل اور ذرائع ابلاغ کی وسیع تبلیغات کے باوجود حماس کی اس عظیم مزاحمت کے مقابلے میں مغلوب ہو کر رہ گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس کی قابل فخر مقاومت نے ان طاقتوں کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا ہے اور اس اقدام کی وجہ سے مسلمان ممالک کی مصلحت پسندی اور منافقت کا دور بھی ختم ہو چکا، لیکن مسلمان حکمرانوں کی بے حسی اور بیغیرتی کا دور جاری ہے، جو معصوم بچوں اور جوانوں کی خون میں اٹی لاشوں، ماؤں بہنوں کی نالہ و فریاد کے مناظر اور بدترین و غیر انسانی ناکہ بندی پر بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1088184