فلسطینی مقاومت پر علامہ سید جواد نقوی کا خطاب
9 Oct 2023 21:32
تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حماس نے کشمیریوں کو بھی بتایا ہے کہ اگر اپنی حفاظت کرنی ہے تو کشمیر میں بیٹھ کر کشمیر کی حفاظت نہیں ہوسکتی غزہ میں بیٹھ کرغزہ کی حفاظت نہیں ہو سکتی آپ کو یہ حصار توڑنے ہوں گے۔ جن کے اندر آپ کو بند کر دیا گیا ہے اور جب توڑو گے تو کامیابی تمھارا مقدر ہوگی جس کا اللہ نے آپ سے وعدہ کر رکھا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا اجتماع سے خطاب میں کہنا تھا کہ حماس کا آپریشن طوفان الاقصیٰ، ناجائز صہیونی ریاست کو اپنے ساتھ خس وخاشاک کی طرح بہانے تک جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو مذہبی تناظرمیں دیکھنے والے غلط فہمی میں مبتلا ہیں، یہ مسلمان اور یہود کا مسئلہ نہیں ہے اور فلسطین کے مقامی چاہے وہ مسلمان ہوں، یہودی یا عیسائی انہیں اس سرزمین پر سکونت کا پورا حق حاصل ہے، یہ جنگ دراصل صیہونیوں کے مقابل ہے، جن کا اس سرزمین پر کوئی حق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونیوں کی اسرائیل کے اندر بھی مخالفت ہے اور دنیا بھر میں یہودی اور مسیحی بھی ان کے مخالف ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ صہیونیت کو باقاعدہ ایک شیطانی نقشے کے تحت لا کے فلسطین میں بسایا گیا ہے جن کا واحد علاج یہی ہے جو حماس نے کر دکھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج تمام دنیا کی مایوس اسلامی تحریکیں کو بھی حماس کی کامیابی دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ کامیابی کا یہی راستہ ہے۔ سب سے بڑھ کر کشمیریوں کو یہ باور ہونا چاہیے جبکہ مودی نے بھی کہا ہے کہ ہم اسرائیل کیساتھ کھڑے ہیں کیونکہ مودی کو پتہ ہے کہ یہ صرف اسرائیل کا بارڈر نہیں اکھڑا بلکہ اس کے اقتدار کی کرسی کا ستون بھی اکھڑ گیا ہے اور اس کی نابودی کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ حماس نے کشمیریوں کو بھی بتایا ہے کہ اگر اپنی حفاظت کرنی ہے تو کشمیر میں بیٹھ کر کشمیر کی حفاظت نہیں ہوسکتی غزہ میں بیٹھ کرغزہ کی حفاظت نہیں ہو سکتی آپ کو یہ حصار توڑنے ہوں گے۔ جن کے اندر آپ کو بند کر دیا گیا ہے اور جب توڑو گے تو کامیابی تمھارا مقدر ہوگی جس کا اللہ نے آپ سے وعدہ کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1087167