کراچی میں شیعہ علماء کی بشپ آف سینٹ پیٹرک چرچ سے ملاقات
22 Aug 2023 16:04
ملاقات کے دوران مولانا اصغر شہیدی کا کہنا تھا کہ حالیہ سینیٹ سے پاس ہونے والا بل ہمارے لئے تشویش کا باعث ہے کہ اس سے مزید پاکستان کی اقلیتی برادری کے لئے مزید مشکلات پیدا ہونگی اور یہی وجہ ہے کہ ہم اسکے خلاف سراپا احتجاج ہیں تاکہ مزید جڑانوالا جیسے واقعات نہ ہوں۔
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں سینٹ پیٹرک چرچ میں مسیحی عمائدین سے شیعہ علماء کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں مولانا اصغر حسین شہیدی، مولانا علی افضال رضوی، مولانا عقیل موسیٰ، مولانا صادق رضا تقوی، مولانا سجاد مرتضوی اور مولانا جواد نوری شامل تھے۔ وفد نے سانحہ جڑانوالہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں مذہبی شدت پسندی اور جنونیت دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ اپنی گفتگو می علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ اس ظلم پر مبنی رویے کو رکنا چاہیئے کیونکہ پاکستان دیگر مذاہب کا بھی اتنا ہی ہے جتنا مسلمانوں کا ہے، مسیحی برادری ہمارے دل سے بہت قریب ہیں کیونکہ تاریخ اسلام میں مسیحی شخصیات کی اسلام کے لیے بہت خدمات رہی ہیں۔
وفد میں موجود مولانا اصغر شہیدی کا کہنا تھا کہ حالیہ سینیٹ سے پاس ہونے والا بل ہمارے لئے تشویش کا باعث ہے کہ اس سے مزید پاکستان کی اقلیتی برادری کے لئے مزید مشکلات پیدا ہونگی اور یہی وجہ ہے کہ ہم اسکے خلاف سراپا احتجاج ہیں تاکہ مزید جڑانوالا جیسے واقعات نہ ہوں۔ آخر میں بشپ بینی ماریو تراوس کا کہا کہ میں پاکستان کی شیعہ برادری اور علماء کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں کہ وہ اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے اور ہم سے اظہار تعزیت کرنے ہمارے چرچ آئے۔
خبر کا کوڈ: 1077360