ایم ڈبلیو ایم کراچی ضلع ملیر کے تحت جشن عید غدیر فیملی فیسٹیول
15 Jul 2023 17:00
جشن سے علامہ مختار احمد امامی اور مولانا سید رضوان شاہد رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ننھے بچوں کیلئے جھولوں اور تفریح کا خاص انتظام کیا گیا تھا جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی موجود تھے جبکہ تمام حاضرین کی لذیذ پکوانوں سے تواضع بھی کی گئی اور بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے زیر اہتمام سالانہ عظیم الشان جشن عید غدیر فیملی فیسٹیول غازیؑ چوک جعفرطیار پر منعقد ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد خواتین و ننھے عاشقان ولایت نے بھرپور اندازمیں شرکت کی، جشن کا باقائدہ آغاز قاری حجت رضا نے تلاوت کلام پاک سے کیا، سید احسن مہدی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر و منقبت خواں سید ذیشان عابدی، احمد رضا ناصری، اصغر مہدی، موسیٰ رضوی، حجت رضا، احسن مہدی، وقار مہدی، شاعر اہل بیتؑ کلیم اختر کلیم، ثمر سید و دیگر نے بارگاہ ولایت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جشن سے ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے نائب صدر علامہ مختار احمد امامی اور ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے سیکریٹری امور تربیت مولانا سید رضوان شاہد رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے سینیئر نائب صدر علامہ گلزار احمد شاہدی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس تقریب جشن عید غدیر میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ڈویژنل رہنماؤں سمیت ملت جعفریہ کی نامور مذہبی وسماجی شخصیات، ٹرسٹیز، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران، علماء و ذاکرین، ملی تنظیمات کے نمائدے کثیر تعداد میں شریک تھے۔ آخر میں ضلعی صدر سید احسن عباس رضوی نے تمام معزز شرکاء، علمائے کرام، منقبت خواں حضرات اور تعاون کرنے والے تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ننھے بچوں کیلئے جھولوں اور تفریح کا خاص انتظام کیا گیا تھا جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز بھی موجود تھے جبکہ تمام حاضرین کی لذیذ پکوانوں سے تواضع بھی کی گئی اور بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔
خبر کا کوڈ: 1069788