لاہور، مجلس وحدت مسلمین کی تحفظ حقوق تشیع کانفرنس
9 Jul 2023 12:04
لاہور میں تحفظ حقوق تشیع کانفرنس سے خطاب میں رہنماوں کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری طاقت اور اتحاد کا محور ہے۔ ہم کسی حکومت یا مسلک کیخلاف نہیں،ظلم و جبر اور یزیدیت کیخلاف جلوس ہائے عزا نکالتے ہیں، مگر یزید کے بچے کربلا کی پیاس کی یاد میں پانی کی سبیلوں کو روک کر اپنی اصلیت ظاہر کرتے ہیں۔ ہم ایام محرم الحرام میں ملک کے تمام شہروں میں مانیٹرنگ سیل قائم کریں گے جو سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام امام بارگاہ گلشنِ زہرا بھیکے وال لاہور میں تحفظ حقوق تشیع کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔ کانفرنس میں بانیان مجالس و جلوس ہائے عزاء سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آئندہ کے لائحہ عمل بالخصوص محرم الحرام میں درپیش مشکلات اور ان کے حل کیلئے عزاداری ونگ کو فعال کرنے کا اعلان کیا گیا۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے، بانیان مجالس و جلوس ہائے عزا، ماتمی سنگت اور عوام اہل تشیع نواسہ رسولؐ، حضرت امام حسین ؑ اور ان کے جانثار رفقا کی یاد منانے کیلئے تیاریاں کر رہے ہیں، عزاداری سید الشہداء پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ پہلے کیا نہ اب کریں گے۔
خبر کا کوڈ: 1068519