QR CodeQR Code

جامعہ کراچی میں زیر تعلیم غیر ملکی طلباء کیلئے عید ملن پارٹی

2 May 2023 22:48

تقریب میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، یمن کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اختیار بیگ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، روئسائے کلیہ جات، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت، مختلف شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم غیرملکی طلبا و طالبات کے لئے ایچ ای جے جامعہ کراچی کے ملٹی پرپز ہال میں عید ملن کی تقریب میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں 40 سے زائد غیر ملکی طلبا و طالبات جن میں افغانستان، صومالیہ، سوڈان، ایران، کینیا، شام، اُردن، سری لنکا اور زمبابوے کے طلبا و طالبات شامل ہیں نے شرکت کی۔ تقریب میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، یمن کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اختیار بیگ، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، روئسائے کلیہ جات، فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت، مختلف شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ نے بھی شرکت کی اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی قیادت میں روئسائے کلیہ جات، صدورشعبہ جات اور اساتذہ نے ایک ساتھ تمام غیر ملکی طلبا و طالبات کو عید کی مبارکباد دی۔

اس موقع پر غیر ملکی طلبا و طالبات کی جانب سے کراچی یونیورسٹی تھیٹر اینڈ ڈرامہ سوسائٹی کے زیراہتمام ایک ڈرامہ بھی پیش کیا گیا جس کو شعبہ انگریزی کی طالبہ دعانے تحریر کیا جو اس ڈرامے کی ہدایت کارہ بھی ہیں جبکہ اس کو پرفارم شعبہ انگریزی اور شعبہ جرمیات کے طلبہ نے کیا۔ ایران سے تعلق رکھنے والے فارم ڈی سیکنڈ ایئر کے طالبعلم محمود نے فارسی اشعار پیش کئے جبکہ افہام ہانہ نے تامل میں گانا گایا جس کا شعبہ فارمیسی میں زیر تعلیم ایک اور سری لنکن طالبہ فاطمہ حکمہ نے انگریزی میں ترجمہ کیا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے غیر ملکی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھر سے دور دیار غیر میں آپ بہت اکیلا محسوس کرتے ہیں مگر اس طرح کی تقریبات آپکو اس بات کا احساس دلاتی ہیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں اور گھر کی یادیں تازہ ہو جاتی ہیں، کسی بھی ملک کے طلبہ اس کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور اس کی ترقی کا انحصار تعلیم اور پڑھی لکھی نوجوان کے لئے بہتر منصوبہ بندی پر ہوتا ہے۔

اس موقع پر فارن اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر شمائلہ شفقت نے حاضرین کو بتایا کہ 2020ء سے ہر سال باقاعدگی کے ساتھ غیر ملکی طلبا و طالبات کو کراچی کے تاریخی مقامات اور کھانوں کے مراکز کا دورہ کرایا جاتا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں تعینات ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے جامعہ کراچی اور مختلف ایرانی جامعات کے ساتھ فیکلٹی اور اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام، باہمی تعلیمی سرگرمیوں، دونوں ممالک کی ثقافت اور باہمی دلچسپی کے امور پر، سیمینار، ورکشاپس اور ویبینار سیریز شروع کرنے پر دلچسپی ِظاہر کی۔ انہوں نے غیر ملکی طلبہ کے لئے عید ملن کی تقریب کے انعقاد کو بےحد سراہا۔ یمن کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے عید ملن کی تقریب کا انعقاد کیا جارہاہے جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے جس پر میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا شکرگزار ہوں۔


خبر کا کوڈ: 1055518

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/gallery/1055518/1/جامعہ-کراچی-میں-زیر-تعلیم-غیر-ملکی-طلباء-کیلئے-عید-ملن-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com