لاہور، فلسطین کانفرنس
11 Apr 2023 21:51
لاہور میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اسرائیل کی فلسطین پر حالیہ جارحیت پر بھرپور مذمت کرنی چاہیے۔ رمضان المبارک میں ہر سال کی طرح امسال بھی اسرائیل کے فلسطین، بیت المقدس کے تقدس کی پامالی پر حملے ان کی شکست اور بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیراہتمام القدس کانفرنس بعنوان ''فلسطین کا دفاع پاکستان کا دفاع ہے'' کا انعقاد لاہور کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ کانفرنس سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری، جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، احمد سلمان بلوچ، علامہ علی اکبر کاظمی اور فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔ سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطین میں ناجائز تسلط کے طور پر قائم کرنیوالی مغربی حکومتیں امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت یورپی ممالک اسرائیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی اور افریقی ممالک میں جدید نوآبادیاتی نظام کو برقرار رکھنے کیلئے فلسطین کے مقام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو زبردستی قائم کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1051820