مرکز تحقیق ریاضیاتی علوم میں اسکائی واچ ایوننگ سیریز کا ایونٹ
5 Mar 2023 21:51
وفاقی جامعہ اردو میں قائم مرکز تحقیق ریاضیاتی علوم نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ میں جامعات میں ریاضی کا واحد تحقیقی مرکز ہے، جو گزشتہ 15 سالوں سے ریاضی کے مختلف شعبوں میں تحقیق میں مصروف عمل ہے اور اب تک مختلف موضوعات جس میں اپلائیڈ و پیور ریاضی شامل ہے، چالیس سے زائد موضوعات پر تحقیق مکمل کرچکے ہیں اور 26 ایم فل اور 14 پی ایچ ڈی فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ مرکز تحقیق ریاضیاتی علوم میں حال ہی میں (2022ء) میں ہائر ایجوکیشن کمیشن سے حاصل کردہ پروجیکٹ سے قاٸم شدہ جدید تحقیقی لیب "لیبارٹری آف اپلائیڈ میتھمیٹکس اینڈ ڈیٹا اینالسسز" کے دو یونٹس جو کہ عظیم مسلم ریاضی دان خواجہ نصیر الدین الطوسی (Al-Tusi Star Unit) اور ابوموسی الخوازمی (Al-Khawrzmi Diui Unit) کے نام سے منصوب کئے گئے ہیں تاکہ ان کے علمی کارنامے خاص طور پر ریاضی سے متعلق کاموں کو اجاگر کیا جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق مرکز تحقیق کے تحت نصابی و غیر نصاب سرگرمیوں میں طلباء کی دلچسپی بڑھانے اور خاص طور پر علم فلکیات پر تحقیق کی اہمیت و افادیت اجاگر کرنے کے پیش نظر الطوسی سولر ٹریشیر اینڈ اٹموسفیرک یونٹ کی جانب سے مرکز تحقیق ریاضیاتی علوم وفاقی جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس میں اسکائی واچ ایوننگ سلسلہ وار سیریز کے پہلے ایونٹ کا انعقاد گیا۔ ایونٹ میں مرکز تحقیق کے تحقیقی طلباو سپر وائزز، جامعہ کے طلبا و اساتذہ کرام اور مرکز کی المنائی ایسوسی ایشن کے علاوہ دیگر جامعات کے اساتذہ کرام، انڈس یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پرفیسر ڈاکٹر محمد یونس، بحریہ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر علی، سرسید یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر فوزیہ، نیشنل یونیورسٹی اور فاسٹ کے سابق چیئرمین ریاضی محمد امجد اور ریسرچ اسکالر محمد اشفاق نے شرکت کی۔ شرکاء سے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایف بی آر شہربانو والاجی اور سابق رئیس کلیہ سائنس و بانی ڈائریکٹر مرکز تحقیق ریاضیاتی علوم پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد کمال انصاری نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شاہین عباس نگراں ڈائریکٹر مرکز تحقیق ریاضیاتی علوم نے خواجہ نصیرالدین الطوسی کی سائنسی خدمات پر پریزنٹیشن دی۔
خبر کا کوڈ: 1045030