جامعہ الدراسات الاسلامیہ کراچی میں پیغام پاکستان کانفرنس
26 Jan 2023 18:57
اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ پیغام پاکستان دراصل قرآن کی بنیاد پر استوار ہے، ملک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، منفی کردار سے نہ صرف پاکستان کا نقصان ہوگا بلکہ مسلمانوں کو بھی نقصان پہنچے گا، عدم برداشت کا عنصر پاکستان اور اسلام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جامعتہ الدرسات اسلامیہ کراچی میں پیغام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری، میجر جنرل (ر) غلام قمر، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی یوسف کشمیری، مدیر معہد القرآن الکریم، خلیل الرحمن لکھوی، ناظم جامعہ الدراسات الاسلامیہ استاد ابو عبداللہ، سماجی رہنما ذوالفقار احمد فاروقی، جامعہ ستاریہ الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی انس مدنی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد کانفرنس میں موجود تھی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ پاکستان کا پیغام امن، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام ہے اور مذہب اسلام بھی امن اخوت اور بھائی چارے کا پیغام ہے، ہمیں مجموعی طور پر شکرگزاری کو اپنانا چاہیئے اور اس وطن عزیز کے لئے اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیئے۔ مقررین نے کہا کہ پیغام پاکستان دراصل قرآن کی بنیاد پر استوار ہے، ملک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، منفی کردار سے نہ صرف پاکستان کا نقصان ہوگا بلکہ مسلمانوں کو بھی نقصان پہنچے گا، عدم برداشت کا عنصر پاکستان اور اسلام کو نقصان پہنچا رہا ہے، میڈیا اور علمائے کرام اس سلسلے میں رہنمائی کے لئے کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ: 1037864