ایس یو سی سندھ کی مجلس عاملہ کا اجلاس
10 Jan 2023 01:32
صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شریک ڈویژن کے نمائندگان نے اپنے اپنے اضلاع کی تنظیمی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا اور رہنمائی حاصل کی۔ بعدازاں مجلس عاملہ کے اراکین نے متفقہ طور پہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف قرارداد منظور کی اور متفقہ فیصلے کی روشنی میں برسی شہداء سیہون کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی مجلس عاملہ کے اہم اجلاس کا انعقاد صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی زیر صدارت المحسن ہال میں کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سید رضی حیدر زیدی نے شرکاء اجلاس کو ایجنڈے سے آگاہ کیا، جس کے بعد صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے ابتدائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے اجلاس کو آگے بڑھایا۔ صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شریک ڈویژن کے نمائندگان نے اپنے اپنے اضلاع کی تنظیمی کارکردگی اور مسائل سے آگاہ کیا اور رہنمائی حاصل کی۔ طعام کے بعد اجلاس کی دوسری نشست کا آغاز کیا گیا، جس میں مجلس عاملہ کے اراکین نے متفقہ طور پہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف قرارداد منظور کی۔ اس موقع پہ اراکین عاملہ کی تائید سے صوبائی صدر نے 13 جنوری 2023ء بروز جمعہ صوبے بھر میں پرامن احتجاج کا اعلان کیا۔ اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق شہداء سانحہ سیہون (مزار لعل شہباز قلندر رح) کی برسی کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ شرکاء اجلاس کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں برسی شہداء سیہون کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1034604