شہدائے مقاومت کی برسی، کراچی میں دعائیہ تقریب و چراغاں
5 Jan 2023 00:47
تقریب سے خطاب میں علامہ مختار امامی نے شہداء کی مقاومتی جدوجہد پر گفتگو کی اور کہا کہ شہید نے نا صرف شیعہ سنی بلکہ غیر مسلموں کو بھی داعشی فتنے سے نجات عطا کی۔ انہوں نے مصائب اہل بیتؑ بھی بیان کئے جبکہ دستہ امامیہ کے صاحب بیاض سید احسن مہدی نے ترانہ شہادت پیش کیا۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او جعفرطیار یونٹ کے زیراہتمام شہدائے پاکستان و فاتح ِعراق و شام سردارِ رشیدِ اسلام شہید حاج قاسم سلیمانی اور ان کے رفقاء کی تیسری برسی کی مناسبت سے دعائیہ تقریب اور چراغاں کا اہتمام مین مرکزی روڈ جعفرطیار سوسائٹی میں پر کیا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے سینیئر نائب صدر و پیش نماز مسجد زینبیہؑ غازی ٹاؤن مولانا گلزار حسین شاہدی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی، ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے نائب صدر حجت الاسلام علامہ مختار احمد امامی، صدر ایم ڈبلیو ایم ملیر سید احسن عباس رضوی نے خطاب کیا، علامہ مختار امامی نے شہداء کی مقاومتی جدوجہد دفاع حرم ہائے اہل بیت (ع) اور اصحاب کرام پر گفتگو کی اور کہا کہ شہید نے نا صرف شیعہ سنی بلکہ غیر مسلموں کو بھی داعشی فتنے سے نجات عطا کی۔ انہوں نے مصائب اہل بیتؑ بھی بیان کئے جبکہ دستہ امامیہ کے صاحب بیاض سید احسن مہدی نے ترانہ شہادت پیش کیا، حاضرین نے چراغ روشن کرکے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سماجی رہنما اختیار امام رضوی، مرکزی تنظیم عزاداری کے مرکزی رہنما حیدر حسنین، آئی ایس او جعفرطیار یونٹ کے صدر علی غازی سمیت دیگر سینئر و جونیئر اراکین، پیام ولایت فاؤنڈیشن کے رہنما آصف رضا جعفری اور ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے نائب صدر مولانا بلاول حسین فائزی، ثمر سعید رضوی، قیصر عباس زیدی، حسین حیدر رضوی، رضا حیدر زیدی، ظہیر عباس رضوی، جعفرطیار یونٹ کے صدر محمد علی زیدی، نائب صدر کاظم نقوی و دیگر اراکین سمیت مومنین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ آخر میں شہید سردار قاسم سلیمانی کی انقلابی جدوجہد پر مبنی ڈاکومنٹری ویڈیو نشر کی گئی۔
خبر کا کوڈ: 1033728