منزل قریب ہے
22 May 2021 07:30
دشمن کو بند گلی میں دھکیلنا کامیابی کا ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوتا ہے اور غزہ کے فلسطینیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے، اسی لئے تو رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے: "جرائم کا تسلسل اور جنگ بندی کی درخواست دونوں ہی صیہونی حکومت کی شکست شمار ہوتے ہیں، خبیث حکومت اس سے بھی زیادہ کمزور ہو جائے گی۔"
اداریہ
فلسطینیوں کا ایک اور امتحان تمام ہوا۔ گیارہ روزہ بربریت کے خاتمے پر اڑھائی سو کے لگ بھگ شہادتیں اور غزہ کے انفراسٹرکچر کی تباہی ضرور عمل میں آئی، لیکن عزم و حوصلے میں اضافہ وہ ثمرہ اور نتیجہ ہے، جو نہ صرف اہل فلسطین اور مقاومت کے بلاک کو نصیب ہوا بلکہ فلسطینی کاز سے جڑا ہر فرد اپنے مورال کو بلند و ارفع محسوس کر رہا ہے۔ مقاومت و استقامت میں فتح و شکست کے معیار تبدیل ہو جاتے ہیں۔ بمباری کے نتیجے میں ملبے میں دبے فلسطینی بچے کے خاک آلود اور زخمی ہاتھ کی خون آلود انگلیاں جب وکٹری کا نشان بناتی ہیں تو سمجھنے والے سمجھ جاتے ہیں کہ بمباری اور میزائل اب اثر نہیں کریں گے۔ تلوار پر خون کی فتح صرف ایک استعارہ نہیں بلکہ حقیقت بھی ہے۔ جارح کبھی اتنا بے بس ہو جاتا ہے کہ ظلم کو جاری رکھنا یا روکنا بے معنی ہو جاتا ہے، یہ وہ کیفیت ہوتی ہے جسے بند گلی کہا جاتا ہے۔
دشمن کو بند گلی میں دھکیلنا کامیابی کا ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوتا ہے اور غزہ کے فلسطینیوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے، اسی لئے تو رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں فرمایا ہے: "جرائم کا تسلسل اور جنگ بندی کی درخواست دونوں ہی صیہونی حکومت کی شکست شمار ہوتے ہیں، خبیث حکومت اس سے بھی زیادہ کمزور ہو جائے گی۔" رہبر انقلاب اسلامی نے ملت فلسطین کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا: "ریاستی دہشت گردی اور اس کے ایجنٹوں "صیہونی تارکین وطن" کے مقابلے میں "شیخ جراح" کا تجربہ فلسطین کے غیور عوام کے لئے ایک دائمی حکمت عملی کے طور پر اپنائے جانے کی ضرورت ہے، میں شیخ جراح کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔۔"
ایک اور اہم فریضہ اور ذمہ داری، سفاک اور دہشت گرد صیہونی حکومت کو اس کے کئے کی سزا دینا ہے۔ تمام بیدار ضمیر افراد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ان 12 روزہ ایام کے دوران بڑے پیمانے پر فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل عام پر مبنی جنگی جرائم کی سزا ضرور ملنی چاہیئے، صیہونی حکومت کے تمام بااثر حکام اور خاص طور سے نتن یاہو کو جنگی مجرم کی حیثیت سے آزاد اور بین الاقوامی عدالتوں میں لاکر سزا دیئے جانے کی ضرورت ہے اور ان شاء اللہ ایسا ہوکر رہے گا۔ واللہ غالب علی امرہ۔ خداوند عالم نے مجاہدین کو قاعدین پر فوقیت دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ ایسا اعلان جو ہمیشہ گونجتا رہتا ہے اور سکون سے بیٹھے ہوئے ہر فرد کو قیام کی دعوت دیتا ہے۔ اس دعوت پر لبیک ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ "فَضَّلَ اللَّهُ الْمُجاهِدِينَ عَلَى الْقاعِدِينَ أَجْراً عَظِيماً"
خبر کا کوڈ: 933857