ایک اور انڈر گراؤنڈ میزائل سٹی کی رونمائی
4 Feb 2025 13:35
اسلام ٹائمز: ان میزائلی شہروں کی رونمائی کا مقصد دشمنوں کو متنبہ کرنا ہے، تاکہ وہ سوچ سمجھ کر ایران پر حملے کے بارے کوئی فیصلہ کریں۔ دشمن کو ایران کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں حساب کتاب کی غلطیاں روکنے کیلئے یہ رونمائی کی گئی ہے۔ ان شہروں کو دشمن کے حملوں سے بچانے کیلئے زیر زمین گہرائی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اپنی صلاحیتوں کو مسلسل اپ ڈیٹ کر رہی ہیں۔ ان زیر زمین شہروں کی رونمائی نہ صرف ایران کی فوجی پیش قدمی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ بیرونی خطرات کیخلاف ایک روکاوٹ کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ اس اقدام سے ایران کے دشمنوں کو پیغام جاتا ہے کہ ایران کیخلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائیگا۔
تحریر: علی واحدی
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملک کی دفاعی ترقی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی طاقت کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزارت دفاع کے ایرو اسپیس انڈسٹریز کمپلیکس کے دورے کے دوران کہا ہے کہ حکومت ملک کی دفاعی صنعتوں کی ترقی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ایران کی فوجی پیش رفت کسی بھی غیر ملکی جارحیت کو روکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر پزشکیان نے وزارت دفاع کے ایرو اسپیس ڈویژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف دفاعی اور خلائی کامیابیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہمارا دشمن ہم پر آزادانہ حملہ کرتا تھا۔ آٹھ سالہ جنگ کے دوران عراقی بعثی حکومت کو ہماری زمین اور فضائی حدود تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل تھی اور دشمن اپنی مرضی کے مطابق کام کرسکتے تھے۔ آج ایران نے دفاعی شعبے میں جدید زمانے کے مطابق ترقی کی ہے، جس کی وجہ سے کوئی بھی ایران کی خود مختاری پر حملہ کرنے کی جرائت نہیں رکھتا ہے۔
صدر پزشکیان نے ایران کی فوجی طاقت کو دفاعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اب ماضی کی طرح ایران کو میزائل حملوں اور بمباری کا نشانہ نہیں بنا سکتے ہیں۔ آج ہم یہاں جو کچھ دیکھ رہے ہیں، وہ ایران کی دفاعی طاقت کا مظہر ہے، جسے دوسروں پر جارحیت کے لئے نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ کی حفاظت کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی طاقت کو مزید مستحکم کرے گا، البتہ یہ کام کسی بھی قوم کو دھمکانے کے لئے نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہے، تاکہ کوئی بھی ملک ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی کرنے کی جرائت نہ کرے۔ ادھر سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی اور سپاہ کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل تنگسیری نے زیر زمین میزائل سٹی میں سپاہ کی بحریہ کی جنگی اور میزائلی توانائیوں اور آمادگی کا معائنہ کیا۔
اس زیر زمین میزائل سٹی میں، دشمن کے جنگی بحری جہازوں کی الیکٹرانک وار کا مقابلہ کرنے والے جدید ترین کروز میزائل بھی نصب ہيں۔ اس زیر زمین میزائل سٹی میں اپ گریٹیڈ کروز میزائل ہیں، جو دشمن کے الیکٹرانک حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مختصر ترین وقت میں آپریشنل ہوسکتے ہیں۔ سپاہ نے اسی طرح اپنے ایک جدید ترین دفاعی اسلحے کی بھی رونمائی کی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران نے کئی زیر زمین میزائل شہروں کی نقاب کشائی کی ہے۔ فوجی حکام کے مطابق یہ شہر اپنی منفرد خصوصیات اور جدید صلاحیتوں کے ساتھ گائیڈڈ کروز میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایران کی دفاعی کامیابیوں کی رونمائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاسداران انقلاب اسلامی نے ملک کے جنوبی ساحلی علاقے میں ایک اور بحری میزائل سٹی کی نقاب کشائی کی ہے۔
بحری میزائل سٹی کی نقاب کشائی کیوں ضروری ہے؟
یہ رونمائی اسلامی جمہوریہ ایران کے اپنی فوجی طاقت اور غیر ملکی خطرات کے خلاف مزاحمت کو بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے اور اس طرح کے اقدامات خطے میں سیاسی اور فوجی مساوات کو متاثر کرتے ہیں۔
اہم نکات:
ایران کی بحریہ کے کروز میزائل آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے آپریٹ ہوتے ہیں۔ ایران کے پاس گائیڈڈ میزائل کی ایک بڑی تعداد ہے۔ ان میزائلی شہروں کی رونمائی کا مقصد دشمنوں کو متنبہ کرنا ہے، تاکہ وہ سوچ سمجھ کر ایران پر حملے کے بارے کوئی فیصلہ کریں۔ دشمن کو ایران کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں حساب کتاب کی غلطیاں روکنے کے لیے یہ رونمائی کی گئی ہے۔ ان شہروں کو دشمن کے حملوں سے بچانے کے لیے زیر زمین گہرائی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اپنی صلاحیتوں کو مسلسل اپ ڈیٹ کر رہی ہیں۔ ان زیر زمین شہروں کی رونمائی نہ صرف ایران کی فوجی پیش قدمی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ بیرونی خطرات کے خلاف ایک روکاوٹ کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ اس اقدام سے ایران کے دشمنوں کو پیغام جاتا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ: 1188608