QR CodeQR Code

ٹرمپ ازم کا آغاز

20 Jan 2025 16:13

اسلام ٹائمز: یہ پیشین گوئی کی جا سکتی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے پہلے سو دن طوفانی اور چیلنجنگ ہوں گے، جس کے نتیجے میں امریکہ کے اندر سیاسی اور سماجی کشیدگی کے ساتھ ساتھ ملک کی خارجہ پالیسی میں بھی چند بڑے چیلنجز نمایاں ہو کر سامنے آئیں گے۔


تحریر: سید رضا میر طاہر

امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر (20 جنوری) کو صدارت کا عہدہ ابھی  سنبھالا نہیں تھا کہ ان کی اعلان کردہ پالیسیوں کے خلاف احتجاج شروع ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں ہزاروں امریکی، جن میں زیادہ تعداد خواتین کی تھی، انہوں نے واشنگٹن کی سڑکوں پر جمع ہو کر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ مظاہرہ ہفتہ (18 جنوری تا 19 جنوری) کو منعقد کیا گیا تھا اور اس میں خواتین کے حقوق کے کارکنوں، نسلی انصاف کے حامیوں اور دیگر نے شرکت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں سے ان کے مؤکلوں کے حقوق کو خطرہ ہے۔ مظاہرے کے منتظمین کو 50,000 افراد کی شرکت کی توقع تھی، لیکن مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرے میں 25,000 افراد نے شرکت کی۔

مظاہروں کے شرکاء نے امیگریشن، جمہوریت، موسمیاتی تبدیلی اور غزہ کی جنگ سمیت مختلف مسائل کے خلاف احتجاج کیا۔ شہری حقوق کے رہنماؤں نے اپنی ریلیوں کے ذریعے ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف لوگوں کو متحرک کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے پہلے دن سے بنیادی تبدیلیاں کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس میں امیگریشن پالیسیاں اور وفاقی حکومت کے حصوں کو ختم کرنا شامل ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ ٹرمپ کی حمایت کرنے والے ریپبلکن کانگریس اور سینیٹ دونوں ایوانوں پر کنٹرول رکھتے ہیں اور امریکی سپریم کورٹ میں قدامت پسندوں کی اکثریت ہے۔ اسی لئے سیاسی اور سماجی کارکنوں یا ڈیموکریٹس نے ابھی سے ٹرمپ کے منصوبوں کا مقابلہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

انتخابی مہم کے دوران، ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ اگر وہ جیت کر وائٹ ہاؤس میں داخل ہوتے ہیں، تو وہ ایک "آمر" ہوں گے، لیکن "صرف پہلے دن۔" بلاشبہ ٹرمپ کے اپنے دور صدارت کے پہلے دن کے وعدوں میں بتدریج توسیع ہوتی گئی اور ان میں مختلف موضوعات شامل ہوگئے ہیں۔ اب سب کی نظریں بالخصوص مخالفین کی اس بات پر ہیں کہ ٹرمپ اس بار وائٹ ہاؤس میں اپنا اختیار کس طرح استعمال کریں گے۔ توقع ہے کہ ٹرمپ اپنی صدارت کے ابتدائی اوقات میں ایک قابل ذکر تعداد میں ایگزیکٹو آرڈرز جاری کریں گے۔ تاہم ان احکامات کو قانونی یا کانگریس کی طرف سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں پہلے دن تقریباً 60 وعدے کیے ہیں اور توقع ہے کہ وہ تقریباً 100 ایگزیکٹو آرڈر جاری کریں گے۔

ریپبلکن سینیٹر جان باراسو نے اس حوالے سے پیشن گوئی کی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے دن ایگزیکٹو آرڈرز کے "برفانی طوفان"  ہوں گے، جو بہت سے لوگوں کے لیے "حیرت اور پریشانی" کا باعث بنے گا۔ ٹرمپ کے اپنے پہلے دن کے سب سے اہم وعدوں میں سے ایک امریکہ سے تارکین وطن کی ملک بدری کے قانون کو نافذ کرنا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے "قومی ایمرجنسی" کا اعلان کریں گے اور فوج کا استعمال کریں گے۔ ٹرمپ کے اس وعدے کو نہ صرف اندرون ملک بلکہ امریکہ سے باہر بھی بڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دنیا کے کیتھولک رہنما پوپ فرانسس نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ملک سے بڑے پیمانے پر تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا وعدہ "ایک تباہی" ہوگا۔

ٹرمپ نے کئی بار 6 جنوری 2021ء کو امریکی کیپیٹل پر دھاوا بولنے کے الزام میں گرفتار لوگوں کو "سیاسی قیدی" اور "یرغمالی" کہا ہے۔ لہذا انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے پہلے ہی منٹوں میں عام معافی کا اجراء شروع کر دیں گے۔ اپنی نئی انتظامیہ کے پہلے دن کے لیے ٹرمپ کا ایک اور منصوبہ امریکی شہریت کے اہل لوگوں کی نیچرلائزیشن کو محدود کرنا ہے۔ ٹرمپ نے اپنی دوسری میعاد کے پہلے دن کا ایک اور وعدہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کو دوبارہ شروع کرنا ہے، جس پر انہوں نے پہلی بار 2017ء میں دستخط کیے تھے۔ ٹرمپ اپنی مہم کے وعدوں کی بنیاد پر ایک "ثقافتی جنگ" شروع کرنے جا رہے ہیں، جس میں اسے روکنا بھی شامل ہے، جسے وہ "ٹرانس جینڈر" کہتے ہیں۔

اقتصادی اور تجارتی شعبے میں اتحادی اور دوست ممالک سے درآمدی اشیا پر محصولات عائد کرنا ٹرمپ کے فوری اور ترجیحی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ وہ چینی اشیاء پر 60 فیصد تک وسیع پیمانے پر محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ٹرمپ امریکی صنعتوں میں ڈی ریگولیشن کے وسیع پروگرام کو آگے بڑھانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے متعدد ضوابط کو کاروبار میں رکاوٹ اور امریکی صارفین کے لیے اضافی لاگت میں اضافے کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ ٹرمپ نے بار بار بائیڈن انتظامیہ کو افغانستان سے امریکی انخلاء کے لیے مورد الزام ٹھہرایا ہے، وہ اس انخلاء کے ذمہ داروں کو بھی جوابدہ ٹھہرانے کے لیے تیار ہیں۔ ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ صدر ہوتے تو یوکرین اور غزہ کی جنگیں نہ ہوتیں۔

غزہ جنگ میں جنگ بندی کے باوجود یوکرین میں جنگ جاری ہے، ٹرمپ نے پہلے 24 گھنٹے میں جنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن حالیہ دنوں میں انہوں نے اس جنگ کے خاتمے کو غزہ کے تنازع سے زیادہ پیچیدہ قرار دیتے ہوئے زیادہ محتاط انداز میں بات کی ہے۔ بہرحال یہ پیشین گوئی کی جا سکتی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے پہلے سو دن طوفانی اور چیلنجنگ ہوں گے، جس کے نتیجے میں امریکہ کے اندر سیاسی اور سماجی کشیدگی کے ساتھ ساتھ ملک کی خارجہ پالیسی میں بھی چند بڑے چیلنجز نمایاں ہو کر سامنے آئیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1185546

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/article/1185546/ٹرمپ-ازم-کا-آغاز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com