QR CodeQR Code

صیہونی ریاست کو ہلا کر رکھ دینے والے حزب اللہ کے خصوصی آپریشنز کی تفصیلات

25 Nov 2024 16:48

اسلام ٹائمز: حزب اللہ کے بیانات کے مطابق البیضاء شہر کے مشرقی مضافات کے مغربی حصے میں مزاحمتی جنگجوؤں کے حملے میں صہیونی فوج کے 5 ٹینک تباہ ہوگئے۔ ایک ٹینک 4:30 پر، تین ٹینک 4:45 پر اور پانچواں ٹینک کل سہ پہر 5:15 پر تباہ ہوا۔ 6 واں ٹینک بھی سہ پہر 4 بجکر 45 منٹ پر مشرقی سیکٹر میں دیرماس شہر کے نواحی علاقے میں تباہ ہوا۔


اسلام ٹائمز سپیشل

 
 لبنان کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ایک ہی دن میں اسرائیل کیخلاف 51 آپریشنز اور 6 مرکاوا ٹینکوں کو تباہ کرکے ریکارڈ بنا دیا ہے۔ اتوار کے روز حزب اللہ کے خصوصی آپریشنز نے صیہونی ریاست کو ہلا کر رکھ دیا اور تقریباً 4 ملین اسرائیلی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہوگئے۔ اتوار کے روز لبنان کی اسلامی مزاحمت نے صہیونی فوج کے 6 مرکاوا ٹینکوں کو تباہ کر دیا، جو اس فوج کے ایک دن میں تباہ ہونے والے ٹینکوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ حزب اللہ کے بیانات کے مطابق البیضاء شہر کے مشرقی مضافات کے مغربی حصے میں مزاحمتی جنگجوؤں کے حملے میں صہیونی فوج کے 5 ٹینک تباہ ہوگئے۔ ایک ٹینک 4:30 پر، تین ٹینک 4:45 پر اور پانچواں ٹینک کل سہ پہر 5:15 پر تباہ ہوا۔ 6 واں ٹینک بھی سہ پہر 4 بجکر 45 منٹ پر مشرقی سیکٹر میں دیرماس شہر کے نواحی علاقے میں تباہ ہوا۔
 
اس طرح اکتوبر میں لبنان پر اس فوج کے زمینی حملے کے آغاز سے اب تک حزب اللہ نے قابض فوج کے جن ٹینکوں کو تباہ کیا ہے، ان کی تعداد 60 تک پہنچ گئی۔ حزب اللہ کی طرف سے جنوبی لبنان میں صیہونی فوج کے ٹینکوں کی پے درپے تباہی شہید سید حسن نصراللہ کے اس مشہور جملے کی عملی تفسیر ہے، جس نے گذشتہ موسم گرما میں لبنان میں کسی بھی مہم جوئی کے بارے میں قابضین کو خبردار کیا تھا اور تاکید کی تھی کہ اگر قابض فوج نے لبنان میں دراندازی کی تو آپ کے پاس کوئی ٹینک نہیں بچے گا، کیونکہ ہم انہیں تباہ کرکے رکھ دینگے۔ آئیے ہم آپ کو اتوار کے روز قابض صیہونی ریاست اور فوج کیخلاف انجام دیئے جانے والے حزب اللہ کے بے مثال آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہیں۔
 
فوجی اڈے
اتوار کو سہ پہر 3:30 بجے لبنان میں اسلامی مزاحمت نے مقبوضہ شہر حیفہ کے شمال میں زیولون ملٹری انڈسٹریز بیس کو میزائل لانچر سے نشانہ بنایا۔ 15:00 بجے، اسلامی مزاحمت کے مجاہدین نے میزائل لانچر کے ذریعے کیمپ 100 کو نشانہ بنایا، جو کہ زمینی افواج کے تربیتی کیمپ آیلیٹ ہشہار کے شمال میں واقع ہے۔ اسلامی مزاحمت کے مجاہدین نے دوپہر 2:30 بجے، "مشار" بیس کو، جو کہ شمالی علاقے کے لیے اہم انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر ہے، کو میزائل لانچر سے نشانہ بنایا۔ دوپہر 2:30 بجے، اسلامی مزاحمتی مجاہدین نے "دادو" بیس کو بھی نشانہ بنایا، جو شمالی علاقہ کی کمان کا ہیڈکوارٹر ہے، جسے میزائل لانچر سے نشانہ بنایا گیا۔

دوپہر 01:05 پر، مزاحمت کاروں نے حیفہ نیول بیس کو نشانہ بنایا، جو کہ اسرائیلی بحریہ سے تعلق رکھتا ہے اور اس میں میزائل کشتیوں اور آبدوزوں کا ایک بیڑا شامل ہے، جو کہ لبنان فلسطینی سرحد سے 35 کلومیٹر دور، مقبوضہ شہر حیفہ کے شمال میں واقع ہے۔ اس بیس کو مخصوص میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ دوپہر 01:10 پر، اسلامی مزاحمت نے مقبوضہ شہر آکو کے شمال میں"شارگا" بیس کو نشانہ بنایا، جو کہ گولانی بریگیڈ کمانڈ کا انتظامی ہیڈکوارٹر ہے۔ دوپہر 01:00 بجے، اسلامی مزاحمت کے مجاہدین نے مخصوص میزائلوں کی سیریز کے ساتھ "گیلیوت" بیس کو نشانہ بنایا، جو کہ ملٹری انٹیلی جنس یونٹ 8200 کا ہیڈ کوارٹر ہے اور یہ لبنان-فلسطین سرحد سے 110 کلومیٹر دور تل ابیب شہر کے مضافات میں واقع ہے۔ اتوار کے روز دوپہر 12:10 پر مجاہدین نے میزائل لانچر سے "بیریا" بیس کو نشانہ بنایا، جو شمالی علاقہ کی کمانڈ کا اہم فضائی اور میزائل دفاعی اڈہ ہے۔

پہلی بار، اتوار کی صبح 9:00 بجے، حزب اللہ نے لبنان-فلسطینی سرحد سے 150 کلومیٹر دور اشدود نیول بیس پر حملہ آور ڈرونز کے ایک غول کے ساتھ فضائی حملہ کیا اور اپنے اہداف کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔ ایک پیچیدہ آپریشن میں، اسلامی مزاحمت نے اتوار کی صبح 6:30 بجے تل ابیب شہر میں ایک فوجی ہدف کو مخصوص میزائلوں اور حملہ آور ڈرونوں کے ایک جھنڈ سے نشانہ بنایا اور اس خصوصی آپریشن نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے۔ صبح کے وقت، فضائی دفاع کے مجاہدین نے مغربی بیکا کی فضائی حدود میں ایک اسرائیلی ہرمز 450 ڈرون کا سامنا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے کیا اور اسے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
 
قابض فوجیوں کا اجتماع
اتوار کی شام 10:00 بجے لبنان میں اسلامی مزاحمت نے دیر میماس کفر کیلا تکون میں اسرائیلی قابض فوج کے ایک اجتماع کو میزائل سے اس وقت نشانہ بنایا، جب اسرائیلی فوج نے دیر میماس قصبے کے مغربی مضافات میں لوبیا ہل پر تباہ شدہ ٹینک کو واپس لینے کے لیے پیش قدمی کی کوشش کی تو رات 10 بجے اسلامی مزاحمتی مجاہدین نے میزائل لانچر سے اسرائیلی فوج کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے خیام شہر کے مشرقی مضافات میں قابض فوجیوں کے اجتماعات کو 6 بار نشانہ بنایا۔18:30 پر، قابض افواج کے دو مراکز دیر میماس کے جنوب مشرقی مضافات میں، اور دیر میماس-کفر کیلا میں دوسری بار میزائل لانچر سے نشانہ بنایا گیا۔ مزاحمتی جنگجوؤں نے رات 08:00 بجے ایک میزائل لانچر کے ذریعے Avivim بیرکوں میں اسرائیلی قابض "فوج" کے ایک اجتماع کو بھی نشانہ بنایا۔ 16:30 پر، خیام شہر کے جنوب میں اسرائیلی قابض افواج کے دو اجتماعات کو نشانہ بنایا۔

عطیہ الشعب قصبے کے سامنے راحب سائٹ کے آس پاس کے علاقے میں قابض فوج کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے بعد، سہ پہر 04:00 بجے، مزاحمت نے اس مقام کے مغرب میں اسرائیلی پیادہ فوج کو ایک گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا، جس میں اس کے کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ دوپہر 12:45 پر، مزاحمت کاروں نے ایک میزائل سے ڈویویو بیرکوں کو نشانہ بنایا۔ صبح 11:30 بجے، حزب اللہ نے دیشون بستی میں اسرائیلی دشمن کے توپ خانے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا، جو جنوبی دیہات پر حملہ کر رہے تھے۔ دوسری بار، صبح 11:00 بجے، اسلامی مزاحمت نے کریات شمونہ بستی میں قابض فوج کے ایک اجتماع کو میزائل لانچر سے نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے اتوار کی صبح 07:00 بجے میٹولہ بستی میں ایک نئے آپریشن روم کو ڈرونز کے ساتھ نشانہ بنایا، پھر میزائل حملے کے آدھے گھنٹے بعد بستی کے مقام پر ایک اجتماع کو نشانہ بنایا۔
 
صیہونی بستیاں
مقبوضہ شمالی فلسطین میں بعض بستیوں کو وارننگ جاری کرنے کے بعد لبنان میں اسلامی مزاحمت نے شام 06:05 پر شتولہ بستی کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا۔اتوار کو 20:15 پر، Avivim بستی کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ سہ پہر 03:15 پر، اسلامی مزاحمت نے یسود حمالہ بستی کو میزائل لانچر سے نشانہ بنایا۔ اتوار کی دوپہر 02:18 پر حزب اللہ نے میزائل لانچر سے میرون بستی کو نشانہ بنایا۔ دوپہر 01:50 پر، مزاحمت نے ساعہ کی بستی بسالیہ کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ دوپہر 1:40 پر اسلامی مزاحمت نے امیر بستی کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر اسلامی مزاحمت نے کفار بلم بستی کو دوسری بار میزائل لانچر سے نشانہ بنایا، مزاحمت نے ہفتہ اور اتوار کی رات کو بھی میزائل لانچر سے اس بستی کو نشانہ بنایا تھا۔
 
دوپہر 1:10 پر اسلامی مزاحمت نے یارون بسالیہ کی بستی کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ 12:10 پر اسلامی مزاحمت نے ایک میزائل لانچر سے مقبوضہ شہر صفد کو نشانہ بنایا۔ 12:05 پر اسلامی مزاحمت نے کرم بن زمرہ کی بستی کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ 09:10 پر اسلامی مزاحمت نے مالوت ترشیحہ اور ہتزور ہگلیت کی بستیوں کو ایک ایک میزائل سے نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسرائیلی آرمی ریڈیو پر ایک فوجی ذرائع کے مطابق اتوار کو حزب اللہ کے میزائلوں کی وجہ سے صبح کے اوقات سے پورے اسرائیل میں 500 سے زیادہ بار سائرن بجے۔ آرمی ریڈیو نے تصدیق کی کہ تقریباً 40 لاکھ افراد پناہ گاہوں میں داخل ہوچکے ہیں۔
 
دسیوں ملین شیکل کا نقصان 
اسرائیلی اخبار Yedioth Ahronoth نے اتوار کے روز لبنان میں اسلامی مزاحمتی تنظیم کے میزائل حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی حد کا اندازہ لگایا ہے کہ صیہونی ریاست کے اس روز دسیوں ملین شیکل کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اخبار کے مطابق اتوار کو جنگ کی ابتدا سے اب تک سب سے زیادہ اور پرتشدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ابھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔اسرائیلی اخبار نے کہا کہ "کچھ مقامات پر بہت سے اپارٹمنٹس اور عمارتوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
 
مقبوضہ فلسطین کے شمال میں زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہے، اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ حزب اللہ کی بڑھتی کارروائیوں کے نتیجے میں مقبوضہ ریاست کا شمالی حصہ مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے اور نظام زندگی درہم برہم ہے۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق لبنان کیساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں، لیکن دوسری طرف لبنان سے حملے بھی بڑھ رہے ہیں، اتوار کے روز جنگ کے آغا کے بعد سے لبنان کی طرف سے شدید ترین گولہ باری کی گئی، یہ حزب اللہ کی طرف سے بیروت پر بمباری کا بدلہ لیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1174732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/article/1174732/صیہونی-ریاست-کو-ہلا-کر-رکھ-دینے-والے-حزب-اللہ-کے-خصوصی-آپریشنز-کی-تفصیلات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com