QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی کی اسرائیلی مظالم کیخلاف ریلیاں

1 Jun 2024 18:24

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ غزہ کے بعد رفح میں اسرائیل کی بدترین بربریت جاری ہے، غزہ سے ہجرت کرنے والوں پر رفح میں بھی عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل حماس سے جنگ کرنے کی بجائے بچوں، بزرگوں اور خواتین پر زورِ بازو آزما رہا ہے۔ فلسطین میں جاری نسل کشی میں اسرائیل کے ساتھ امریکہ اور یورپ کے ممالک بھی ملوث ہیں۔ عالمی ادارے، اقوامِ متحدہ اور اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی غزہ اور رفح میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔


رپورٹ: سید عدیل زیدی

فلسطین کے بے گناہ اور نہتے مسلمانوں پر غاصب صیہونی ناجائز ریاست اسرائیل کے مظالم اور بربریت کے خلاف گذشتہ روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقہ یونیورسٹی ٹاؤن میں ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس کی قیادت  ہدایت اللہ خان جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع پشاور نے کی۔ یہ احتجاج ایک جلسہ کی صورت اختیار کرگیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی ہدایت اللہ خان نے کہا کہ پشاور کے عوام نے حکومت سے فلسطین کے ساتھ کھل کر کھڑا ہونے کا مطالبہ کیا ہے، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد بھی رفع میں صیہونی افواج نے دو مرتبہ بمباری کی، جس میں بڑی تعداد میں معصوم فلسطینی عوام، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، شہید ہوگئے، مسلمان حکمران اور خصوصی طور پر پاکستانی حکمران اس ظلم و سفاکیت پر خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو اہل غزہ کے تحفظ کے لیے واضح اقدامات اٹھانے چاہیئے، پاکستانی حکومت کی خاموشی عوام کے لیے باعث تشویش ہے۔ماضی میں مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لیے پاکستان قائدانہ کردار ادا کرتا رہا ہے اور امت مسلمہ پاکستان سے توقعات رکھتی ہے، مسلمان ممالک کو فلسطین کے دفاع کے لیے میدان میں نکلنا چاہیئے، اس احتجاج سے نائب امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور حمدللہ جان اور افتخار احمد نے بھی خطاب کیا۔ اسی سلسلے میں پشاور میں ہی سپین جماعت کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان، سیکرٹری جنرل ہدایت اللہ اور دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل کی مخالفت اور غزہ و فلسطین کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ رفح شہر میں لاکھوں پناہ گزین عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے، پناہ گزین کیمپوں پر حملے ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں، جب بین الاقوامی عدالت انصاف نے خاص طور سے اسرائیل کو رفح پر بمباری کرنے سے روکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے آپ کو بین الاقوامی قوانین کا پابند سمجھتا ہے اور نہ ہی انسانی اقدار کا۔ اسرائیل اپنے اسٹریٹیجک اہداف میں ناکامی کا بدلہ معصوم بچوں پر وحشیانہ بمباری کرکے لے رہا ہے۔ رفح کے سرحدی شہر میں دو دن سے قتل عام ہو رہا ہے، دو ہزار ٹن بارود والے بم گرائے جا رہے ہیں، بچوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے اور مسلمان ممالک تماشا دیکھ رہے ہیں، دنیا غزہ کے معاملے میں کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں سخاکوٹ بازار ملاکنڈ میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور امیر ضلع شہاب حسین نے کی۔ مظاہرین غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عبدالواسع کا کہنا تھا کہ غزہ اور رفح میں فلسطینیوں پر قیامت ڈھائی جا رہی ہے، عالمی عدالت انصاف کے جنگ بندی کے فیصلہ کو اسرائیل نے روند دیا ہے، بے گناہ انسان قتل ہو رہے ہیں، اقوامِ متحدہ اور عالمِ اسلام کی قیادت مجرمانہ غفلت کے ساتھ خاموش تماشائی بنے ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے بار بار اسرائیل کی ناجائز مدد کرتے ہوئے یو این سکیورٹی کونسل میں ویٹو کے غلط استعمال سے پوری دُنیا کے امن کو خطرات میں ڈال دیا ہے، امریکہ اور یورپ کی اسلام دشمنی کی انتہا ہے کہ یونیورسٹیز اور عوامی سطح پر رائے عامہ کی آواز سُننے کو تیار نہیں۔ اِن ممالک کی قیادت انسان دشمن رویئے سے خود اپنے عوام کے انتقام کا شکار ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے عالمی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ اس کے علاوہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے چترال لوئر میں بھی جماعت اسلامی کے دفتر سے لے کر اتالیق پل تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ضلعی امیر مولانا جمشید احمد نے کی، چترال اپر میں بھی بونی چوک میں مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت امیر ضلع مولانا جاوید حسین نے کی۔ علاوہ ازیں مردان، دیر، بونیر، کوہاٹ اور بنوں میں بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں مظاہرے کیے گئے اور مساجد میں خطبات جمعہ میں غزہ اور فلسطین کے مسئلہ کو اجاگر کیا گیا۔

جامع مسجد سید علی گیلانی قرطبہ سٹی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ غزہ کے بعد رفح میں اسرائیل کی بدترین بربریت جاری ہے، غزہ سے ہجرت کرنے والوں پر رفح میں بھی عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل حماس سے جنگ کرنے کی بجائے بچوں، بزرگوں اور خواتین پر زورِ بازو آزما رہا ہے۔ فلسطین میں جاری نسل کشی میں اسرائیل کے ساتھ امریکہ اور یورپ کے ممالک بھی ملوث ہیں۔ عالمی ادارے، اقوامِ متحدہ اور اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی غزہ اور رفح میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام روکنے اور جنگ بندی پر مجبور کیا جائے۔ حکومت پاکستان بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ پچاس سے زائد اسلامی ممالک کی افواج اور حکمران غزہ کے مسئلہ پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، غزہ میں فوری طور پر جنگ بند کر کے امدادی سامان پہنچایا جائے۔

دیر لوئر میں بلامبٹ سے گرگری چوک تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری اور دیگر ذمہ داران نے کی۔ ریلی نے گرگری چوک پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کرلی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز الملک افکاری نے کہا کہ فلسطین انبیاء کی سرزمین ہے، اسے اسرائیل کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، مسجد اقصیٰ اور غزہ مسلمان حکمرانوں اور افواج کی راہ تک رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دیر اپر کی تحصیلوں براول اور شرینگل میں الگ الگ مظاہرے ہوئے، جن کی قیادت مقامی ذمہ داران اور عمائدین نے کی۔ مانسہرہ کی 7 تحصیلوں میں غزہ کے مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے الگ الگ مظاہرے ہوئے۔ مرکزی مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر ڈاکٹر شیرازی نے کی۔ ایبٹ آباد میں عبدالرزاق عباسی، تورغر میں ڈاکٹر سراج احمد، بونیر میں دیوانہ بابا کے مقام پر امیر ضلع محمد حلیم باچا کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ شانگلہ میں امیر ضلع نجم اللہ کی ہدایت پر مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی بربریت پر خطاب ہوئے۔

اس کے علاوہ مردان میں پریس کلب کے سامنے ضلعی امیر جماعت اسلامی مردان غلام رسول کی قیادت میں اسرائیل کیخلاف اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں احتجاج مظاہرہ کیا گیا اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف کرک بازار میں بھی ضلعی امیر مولانا تسلیم اقبال کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح کوہاٹ میں سات مقامات پر مظلومین غزہ و رفح کے حق میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، بلی ٹنگ میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت قائم مقام امیر ضلع مفتی مراد نے کی۔ بنوں میں امیر ضلع پروفیسر محمد اجمل خان کی قیادت میں مرکز اسلامی سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے گئے، جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام نے خطاب کیا اور فلسطین کی آزادی کے لیے دعائیں کیں۔


خبر کا کوڈ: 1139020

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/article/1139020/خیبر-پختونخوا-میں-جماعت-اسلامی-کی-اسرائیلی-مظالم-کیخلاف-ریلیاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com