عراقی عالم کا اعتراف
15 Sep 2023 13:52
اسلام ٹائمز: عراق کے سنی علماء کی مجلس کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا منصوبہ اپنی تمام تر تفصیلات کیساتھ اسلام کا منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ اسلام کی حقیقی عزت و وقار کا منصوبہ ہے، جو اسلام کی عظمت کو اسکے حقیقی مقام پر بحال کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سے ہم اس دشمنی کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جو اسرائیل اور عالمی استکبار نے اسلامی جمہوریہ ایران اور رہبر معظم سید علی حسینی خامنہ ای کی شخصیت کے خلاف شروع کر رکھی ہے، اسکی وجہ رہبر انقلاب کا موقف اور اپنی ذمہ داری کا احساس ہے۔
انٹرویو: معصومہ فروزان
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے پیر کی صبح "سیستان و بلوچستان" اور "جنوبی خراسان" کے صوبوں کے ہزاروں لوگوں کے ساتھ ایک پرجوش ملاقات میں اربعین حسینی میں لوگوں کی بھرپور حاضری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عراقی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے 22 ملین زائرین کی مہمان نوازی کی۔ رہبر انقلاب نے استقبال اور مہمان نوازی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فراہم کرنے پر عراقی حکومت، حکام اور عراقی پولیس بالخصوص حشد الشعبی کا شکریہ ادا کیا۔ اس عظیم اجتماع کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی پولیس فورس کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے اس سفر اور سرحدی آمدورفت میں بہت ہی قابل قدر اور اچھا کام کیا، ہمیں اپنی بے لوث افواج اور اچھے نوجوانوں کی قدر کرنی چاہیئے۔
اس ملاقات کے بعد عراقی سنی علماء کی جماعت کے سربراہ "خالد الملا" نے ایک ٹویٹ میں لکھا: "ایک عظیم عالم جو اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہے اور بصیرت اور تدبر کا حامل ہے، شکریہ اور تعریف کا مستحق ہے، ہم آیت اللہ العظمی سید علی حسینی خامنہ ای کا شکر ادا کرتے ہیں کہ وہ عراقیوں کی قدر اور اربعین زیارت کے حوالے سے ان کے مقام کو جانتے ہیں۔ وہ اتحاد امت کے عظیم داعی ہیں۔ جو لوگ اسلامی اتحاد اور باہمی ہمدردی پر تنقید کرتے ہیں، ان کے پاس کوئی بصیرت نہیں ہے اور ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ان لوگوں کو ہدایت دے۔
اس سلسلے میں "اسلام ٹائمز" کی بین الاقوامی رپورٹر نے عراق کے اس ممتاز سنی عالم سے گفتگو کی۔ عراق کے سنی علماء کی مجلس کے سربراہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا منصوبہ اپنی تمام تر تفصیلات کے ساتھ اسلام کا منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ اسلام کی حقیقی عزت و وقار کا منصوبہ ہے، جو اسلام کی عظمت کو اس کے حقیقی مقام پر بحال کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سے ہم اس دشمنی کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جو اسرائیل اور عالمی استکبار نے اسلامی جمہوریہ ایران اور رہبر معظم سید علی حسینی خامنہ ای کی شخصیت کے خلاف شروع کر رکھی ہے۔ اس کی وجہ رہبر انقلاب کا موقف اور اپنی ذمہ داری کا احساس ہے۔
"خالد الملا" نے تاکید کی ہے کہ اسی بنا پر آیت اللہ خامنہ ای نے اربعین کے ایام سے پہلے اربعین کی زیارت کے اثرات کی طرف اشارہ کیا اور اسے خدا کے فرمان کے ذریعے اسلام کی طاقت کہا۔ اس ممتاز سنی عالم نے کہا: "حضرت آیت اللہ خامنہ ای" ایک الہیٰ عالم، استاد عرفان اور سیاسی رہنماء کی واضح مثال ہیں، جن پر ہمیں فخر ہے۔ وہ خدا کی راہ میں مزاحمت اور جہاد کی حمایت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1082136